شوہر سے طلاق کا تعلق اے آر رحمان سے ہے؟ گٹارسٹ نے خاموشی توڑ دی

Nov 23, 2024 | 10:17 AM

ممبئی (ویب ڈیسک) آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی گٹارسٹ موہنی ڈے نے شوہر سے طلاق کا تعلق  اے آر رحمان سے ہونے جیسی  افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان اور اہلیہ کی طلاق کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی۔ اس طلاق کے  چند گھنٹوں بعد اے آر رحمان کی گروپ میں شامل گٹارسٹ موہنی ڈے نے بھی اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین دونوں کی طلاق کو ایک دوسرے سے جوڑ رہے تھے۔تاہم گٹارسٹ موہنی ڈے کا ان افواہوں پر ردعمل سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق موہنی ڈے نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ مجھے انٹرویوز کے لیے بہت زیادہ درخواستیں موصول ہو رہی ہیں اور میں جانتی ہوں کہ یہ کس بارے میں ہیں، اس لیے میں ان سب کو انکار کررہی ہوں کیونکہ میں بے بنیاد افواہوں کو ہوا دینے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔ 

انہوں نے کہا کہ میں افواہوں پر اپنی توانائی ضائع نہیں کرنا چاہتی، براہ کرم میری پرائیویسی کا احترام کریں۔

اس سے قبل اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ کی وکیل وندنا شاہ نے کہا تھا کہ اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی طلاق کا موہنی ڈے کی طلاق سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، سائرہ اور اے آر رحمان نے یہ فیصلہ خود ذاتی وجوہات کی بنا پر کیا ہے۔

واضح رہے کہ موہنی ڈے اور ان کے شوہر مارک کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ بھاری دل کے ساتھ، مارک اور میں یہ اعلان کرتے ہیں کہ ہم نے علیحدگی اختیار کر لی ہے، یہ ہمارا باہمی فیصلہ ہے، ہم اب بھی اچھے دوست رہیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 29 سالہ موہنی کولکتا سے تعلق رکھنے والی ایک مشہور گٹارسٹ ہیں جنہوں نے اے آر رحمان کے ساتھ دنیا بھر میں 40 سے زائد شوز میں پرفارم کیا ہے۔

مزیدخبریں