وزیراعلیٰ ہاؤس کے پی میں ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ ہاؤس کے پی میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
نجی ٹی وی "جیونیوز" کے مطابق پی ٹی آئی کے اجلاس میں سابق صدر عارف علوی، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، شیخ وقاص اکرم، وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور، بیرسٹرسیف اور دیگر شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ احتجاج کیلئے ہر صورت اسلام آباد جائیں گے، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو کارکنوں کا خیال رکھنےکی ہدایات جاری کی گئیں۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی کے ترجمان فراز مغل نے کہا کہ احتجاج کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، ہر صورت اسلام آباد جائیں گے، کنٹنیرز ہٹانے کیلئے بھاری مشینری بھی احتجاجی ریلی کے ساتھ ہوگی۔
ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کی ایمولینسز بھی وزیراعلیٰ سکواڈ کے ساتھ ہوں گی۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے جس کے لیے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔