کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، جو احتجاج کے لیے آئے گا گرفتار ہوگا، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا ءتارڑ نے کہا ہےکہ تحریک انصاف کیساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، جو احتجاج کے لیے آئے گا گرفتار ہوگا، پاکستان کے دشمن اور پی ٹی آئی کی سوچ ایک ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں بیلاروس کے صدر آرہے ہیں، اسلام آباد انتظامیہ شہریوں کی سیکیورٹی کیلئے پریشان ہے، محسن نقوی کا بیرسٹر گوہر سے ایک بار رابطہ ہوا ہے، اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنا غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔محسن نقوی نے صرف ایک بار ان کو بتانا تھا کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، جو قانون ہاتھ میں لے گا وہ گرفتار ہوگا، جو اسلام آباد احتجاج کی غرض سے آئے گا اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
"دنیا نیوز" کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ بیلا روس کے صدر کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، حکومت کی جانب سے آپ کو تیاریوں سے متعلق بتایا جائے گا، وزیر اعلیٰ کرم جائیں اور لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں۔پاکستان میں مختلف ممالک سے سرمایہ کاری آرہی ہے، چین، سعودی عرب، قطر اور یو اے ای نے پاکستان کی مدد کی، پاکستان سٹاک مارکیٹ کل دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہی۔ جب سٹاک مارکیٹ اوپر جاتی ہے اس کا مطلب ہے ملک میں کاروبار ہورہا ہے، مہنگائی پچھلی دفعہ 32 فیصد تھی اب 6 فیصد ہے۔
عطا ءتارڑ نے کہا کہ دوست ممالک کیخلاف باتیں نہیں کرنی چاہئیں، سعودی عرب میں جہاں پر انسان پر روحانیت ہوتی ہے لوگوں کو ہوش نہیں ہوتا وہاں بھی نعرے لگائے گئے، جب ہمارا دل کرتا ہے ہمیں شریعت یاد آجاتی ہے، شرعی لوگ 5،5 کیرٹ کی انگوٹھیاں نہیں مانگتے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بشریٰ بی بی بہت زیادہ پڑھی لکھی عورت نہیں ہیں، بشریٰ بی بی کو انٹرنیشنل افیئرز کے سپیلنگ بھی نہیں آتے ہوں گے، عوام بھی اب ان کے عزائم دیکھ چکے ہیں، باہر جو نکلے گا گرفتار ہوگا۔ کے پی میں پولیس کا کام فوج کر رہی ہے، فوجی شہید ہو رہے ہیں اور آپ پولیس کو لے کر اسلام آباد کی طرف آرہے ہیں، اپنے صوبے پر توجہ دیں، وہاں روز لاشیں گر رہی ہیں، کے پی میں امن پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔