پارا چنار میں حکومت کے ہیلی کاپٹر پرفائرنگ

Nov 23, 2024 | 08:05 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)کوہاٹ سے پارا چنار جانے والے حکومتی وفد کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ، تاہم وفد کے اراکین محفوظ رہے اور ہیلی کاپٹر نے پارا چنار میں محفوظ لینڈنگ کرلی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع کرم میں کشیدہ حالات کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم کی سربراہی میں وفد کوہاٹ سے پارا چنار کے لئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ ہوا۔وفد میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ، ڈی آئی جی کوہاٹ اور کمشنر بھی شامل تھے۔

ہیلی کاپٹر پارا چنار کی حدود میں داخل ہوا تو نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ کی ، تاہم ہیلی کاپٹر اور اس میں موجود افراد محفوظ رہے۔وفد  ضلع کرم میں کشیدہ صورت حال کا جائزہ لینے اور امن و امان کی بحالی کے لیے جرگے کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے پہنچا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔اپنے پیغام میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سرکاری ہیلی کاپٹر پر فائرنگ انتہائی افسوسناک ہے، خوشی ہے فائرنگ میں وفد اور ہیلی کاپٹر محفوظ رہا۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ضلع کرم میں امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے واقعہ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاراچنار میں موجود ہوں، خبر چل رہی ہے کہ ضلع کرم آتے ہوئے ہمارے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ ہوئی، میں ان بے بنیاد خبروں کی تردید کرتا ہوں۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ہم خیریت سے سفر کر کے پارا چنار پہنچے ہیں، یہاں مختلف قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں ہوئی ہیں، انتظامیہ کے افسران، وزیرقانون ، چیف سیکرٹری اور آئی جی ساتھ موجود ہیں۔

مزیدخبریں