فیصل آباد میں دینی مدارس میں سرچ آپریشن کی شدید مذمت کرتے ہیں: ڈاکٹر وسیم

فیصل آباد میں دینی مدارس میں سرچ آپریشن کی شدید مذمت کرتے ہیں: ڈاکٹر وسیم

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے فیصل آباد میں دینی مدارس میں سرچ آپریشن پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی حکومت مدارس اور ان کے طلبہ کے خلاف منفی پروپیگنڈہ بند کرے۔اسلام امن اور بھائی چارہ کا درس دیتا ہے۔امریکی غلام حکمران ایسے اقدامات کررہے ہیں جن سے معاشرہ عدم استحکام کا شکار ہو۔مدارس اسلامی تعلیمات کے فروغ کا ذریعہ ہیں جوکہ یہودونصاریٰ کے لئے باعث تشویش ہے۔جماعت اسلامی صوبائی حکومت کے اس اقدامات کی بھر پور مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اس قسم کے تمام احکامات کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔انہوں نے کہاکہ دینی مدارس نے ہمیشہ عظیم القدر علماءپیدا کیے ہیں ۔اگرچہ آمر مشرف نے بھی مدارس کے خلاف کاروائیاں کیںوہ بھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکا۔موجودہ حکمران بھی مشرف کی پالیسیوں پر گامزن ہیں لہٰذا ان کا نتیجہ بھی وہی ہوگا۔وہ وقت دور نہیں جب اسلام کے نام لیوا مصر،تیونس،مراکش اور ترکی کی طرح پاکستان میں بر سر اقتدار آئیں گے۔عوام آئندہ انتخابات میں دینی و مذہبی سیاسی جماعتوں پر اعتماد کا اظہار کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ میڈیا ڈرون حملوں میں بے گناہ شہید ہونے والی سینکڑوںملاﺅں کونظر انداز نہ کرے۔ایسی تمام این جی اوز جو غیر ملکی فنڈز کی خاطر دشمنوں کے ایجنڈے پر عملدرآمد کررہی ہیں کے خلاف فوری طور پر کار وائی کی جائے۔اسلامی جمہوریہ پاکستان کوچند ڈالروں کے عوض بدنام کرنے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے اصغر خان کیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کا دامن الحمداللہ صاف ہے۔ہماری جماعت نے نہ کبھی پیسے لیے اور نہ ہی اس کاکوئی ثبوت موجود ہے۔اصغر خان کیس پر واویلا کرنے والے سوئس بنکوں میں موجودہ 60کروڑ ڈالر،رینٹل پاور،حج کرپشن،اسٹیل مل میں خرد برداور ملکی تاریخ میں حاصل کیے گئے قرضوں کا حجم صرف چار سالوں میں دوگنا کردینے کا بھی قوم کو حساب دیں۔ادارے مکمل طور تباہ و برباد ہوگئے ہیں ۔اتحادیوں کو خوش کرنے کے لئے ریلوے جیسے اہم ترین ادارے کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1