امن وامان کی صورتحال بارے تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے، حاجی حبیب الرحمان

امن وامان کی صورتحال بارے تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے، ...

لاہو( وقائع نگار ) آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمن نے تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے بارے اُن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں گے کیونکہ تاجر ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے قومی تاجر اتحاد پاکستان کے چالیس رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی سربراہی قومی تاجر اتحاد لاہور کے جنرل سیکریٹری حافظ عابد علی کررہے تھے جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں صدر قومی تاجر اتحاد پاکستان ملک خالد محمود، چیئرمین ریلوے روڈ وسیم بٹ، راﺅ اکرم، چودھری عظمت، سہیل بٹ، چودھری اختر حیات، حاجی بشیر محمد، عنایت علی مغل، عبدالستار خان،میاں محمد اعجاز، ملک نثار کھوکھر، جاوید اقبال بٹ، فرقان احمد، خواجہ سلیم، عبدالشکور کھوکھر، محمد عمران و دیگر شامل تھے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس جرائم کے خاتمے اور کاروباری برادری کے تحفظ کے لیے اپنی تمام صلاحتیں بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس تاجروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ قبل ازیں وفد کے سربراہ اور قومی تاجر اتحاد کے جنرل سیکریٹری حافظ عابد علی نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے پُرامن ماحول ہونا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے جرائم کی وجہ سے تاجر برادری پریشان ہے اور کاروباری ماحول خراب ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اور تاجروں کے درمیان مضبوط روابط امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں لہذا اس جانب خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تاجر برادری محکمہ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1