عوام بہروپیوں کو پہچان چکے، انکا عبرتناک انجام قریب ہے، رانا ثناءاللہ

عوام بہروپیوں کو پہچان چکے، انکا عبرتناک انجام قریب ہے، رانا ثناءاللہ

لاہور (پ ر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ لٹیرے دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ پنجاب میں حکوت بنانے کا ان کا خواب‘ خواب ہی رہے گا‘پیپلزپارٹی نے ماضی میں بھی پنجاب پر قبضہ کرنے کے لئے لوٹاکریسی کا بازار گرم کرتے ہوئے گورنر راج تک لگایا مگر اسے منہ کی کھانا پڑی۔ عوام بہروپیوں کو پہچان چکے ہیں‘ ان کا عبرتناک انجام قریب ہے۔ایک بیان میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ منظوروٹو جیسے مفاد پرست سیاستدان اقتدار کے حصول کے لئے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ ان کی نامزدگی دراصل جیالوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے اور وٹو بھی پیپلزپارٹی کی گرتی ہوئی مقبولیت کو سہارا نہیں دے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ منظور وٹو کی بڑھکیں صرف بڑھکیں ہی رہیں گی‘ انشاءاللہ شرمناک شکست پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کا مقدر بنے گی۔انہوں نے کہا کہ زرداری کی جانب سے منظور وٹو کو پنجاب کی صدارت دینے کے بعد بے اختیار نائب وزیراعظم کی حالت بھی دیدنی ہے جنہوں نے اقتدار کے لئے کرپٹ ٹولے کی گود میں پناہ لی اور مستقبل میں اقتدار کے خواب دیکھے لیکن وٹو کی نامزدگی کے بعد ان کے خواب چکنا چور ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں چند کارکنوں کی ”جلوسی“ دیکھ کر منظور وٹو اور پیپلزپارٹی کو اپنی مقبولیت کا احساس ہو جانا چاہیے۔رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ زرداری پنجاب میں پیپلزپارٹی کے جتنے مرضی صدر تبدیل کر لیں وہ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کو کم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ حالات گواہ ہیں کہ پیپلزپارٹی کی ساکھ تباہ کرنے اور اس کا یہ حشر کرنے میں سب سے اہم کردار زرداری اور ان کے ساتھیوں کا ہے اور اب نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ انہیں کئی ایک پارٹیاں تبدیل کرنے اور کبھی آزاد الیکشن لڑنے والے وٹو کو پنجاب کا صدر بنانا پڑا ہے۔ ان حالات میں پیپلزپارٹی کے حقیقی کارکنوں سے صرف ہمدردی کا ہی اظہار کیا جا سکتا ہے۔

مزید : صفحہ آخر