فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا

فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا

لاہور(کامرس رپورٹر) فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا ، 20 کلوگرام تھیلے کی قیمت 14 روپے بڑھا دی گئی ہے۔ اس اضافہ سے تھیلا کی ریٹیل قیمت 626 روپے سے بڑھ کر 640 روپے، ایکس ملز قیمت 604 روپے سے بڑھ کر 618 روپے اور دکان پر پہنچ قیمت 616 روپے سے بڑھ کر 630 روپے ہوگئی ہے۔ قیمت میں اضافے کا فیصلہ گزشتہ روز فلور ملز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں کیاگیا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنما عاصم رضا نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چار روپے کا اضافہ کرایوں میں اضافہ کی مد میں کیاگیا ہے جبکہ دس روپے کا اضافہ گندم کی قیمت کی مد میں کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب اوپن مارکیٹ میں گندم تقریباً ختم ہوگئی ہے اور تمام ملوں کو سرکاری گندم پر انحصار کرناپڑ رہا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ملوں کو 40 کلو گرام گندم 1075 روپے کے حساب سے فراہم کی جارہی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت کم تھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں آئے روز ہونے والے اضافہ سے کرایوں کے چارجز بڑھ گئے ہیں اس لئے اس مد میں بھی اضافہ ناگزیر تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ اضلاع میں حکومت کی جانب سے سرکاری گندم کے اجرا کا کوٹہ مقرر کیاگیا ہے جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں اجرا اوپن ہے ان اضلاع میں فلور ملز جتنی گندم چاہے لے سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور، سرگودھا، راولپنڈی کی ملوں کے لئے 100 کلو کی 20 بوری فی باڈیز جبکہ گوجرانوالہ کی ملوں کے لئے 100 کلو کی بارہ بوری فی باڈیز کوٹہ مقرر کیاگیا ہے۔

مزید : صفحہ آخر