ہردورمیں ہمارے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کیاگیا،الیکشن جیت کرنیاپاکستان بنائیں گے:نوازشریف
لاہور(جنرل رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر دور میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ ہوتار ہا ہے، ہماری مخالف قوتیں چاہتی ہیں کہ عوام میں ہماری ساکھ خراب ہو جائے۔ مخالفین جتنے مرضی ہتھکنڈے استعمال کر لیں آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت یقینی ہے۔الیکشن جیت کر نیا پاکستان بنائینگے۔ عوام تبدیلی کا دھوکہ دینے والوں کے جھانسے میں نہیں آئینگے۔(ن) لیگ ہی حقیقی سیاسی جماعت ہے۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملٹری سٹیٹ رینالہ خورد کے متاثرین اور مسلم لیگ (ن) اوکاڑہ کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی تاریخ قانون اور انصاف کی بالادستی کی جدوجہد سے عبارت ہے ۔ ہم نے اپنے ماضی کے دو ادھورے ادوار میں ملک و قوم کی مثالی خدمت کی ہے۔ ہمارا ترقی اور خوشحالی کا ایک مکمل ٹریک ریکارڈ ہے جس کی تمام دنیا معترف ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ متاثرین ملٹری فارم رینالہ خورد سے مکمل ہمدردی رکھتے ہیں۔ ملٹری فارم اوکاڑہ کی انتظامیہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے وہ وزیراعلیٰ شہباز شریف سے بھی کہیں گے کہ پنجاب حکومت اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مسلم لیگی عہداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ وہ آئندہ الیکشن کی بھر پورتیاری کریں شہر شہراور گاو¿ں گاو¿ں پھیل جائیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کارلائیں ، اس موقع پر ملٹری سٹیٹ فارم رینالہ خورد کے متاثرین نے نواز شریف کو مشرف دور میں اپنے ساتھ ہونے والے ظلم اور زیادتی سے آگاہ کیا۔ متاثرین نے کہاکہ پنجاب حکومت نے کلیانہ سٹیٹ اوکاڑہ میں ساڑھے پانچ ہزار گھرمالکانہ حقوق پر دیئے ہیں۔علاقہ کے عوام پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ متاثرین نے کہاکہ انہیں بھی اسی طرح ملٹری سٹیٹ فارم رینالہ خورد،( اوکاڑہ) میں گھر فراہم کیئے جائیں۔