پاکستان نے دنیا کاسب سے بڑا انسانی قومی پرچم بناکر عالمی ریکارڈ قائم کردیا:نیشنل ہاکی سٹیڈیم نعروں سے گونج اٹھا

پاکستان نے دنیا کاسب سے بڑا انسانی قومی پرچم بناکر عالمی ریکارڈ قائم ...

لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پنجاب یوتھ فیسٹیول کے آخری مرحلے میں اہلیان پاکستان نے دو مزید ورلڈ ریکارڈ بناڈالے۔گذشتہ روزنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں گذشتہ روز دومزید نئے ورلڈ ریکاڑد پاکستان نے قائم کر دےے ،ہاکی سٹیڈیم میں سکول کے بچوں نے دنیا کا سب سے بڑاانسانی قومی پرچم بناکر نیاعالمی ریکارڈ قائم کیا، اس موقع پر سٹیڈیم میں جشن کا سا سماں تھا ۔چاروں اطراف نعروں کی آوازیں گونج رہی تھیں۔گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے کے مطابق24,200 سکول و کالج کے طلبہ اور طالبات نے یہ ریکارڈ قائم کیا۔اعلان سے قبل گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے گیریتھ ڈیوس نے سٹیڈیم میں موجود بچوں کی گنتی کا عمل مکمل کیا، ان کے ہمراہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود ، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور بھی موجود تھے۔جھنڈا بنانے کے بعد بچوں کو دس منٹ تک اسی پوزیشن میں کھڑے ہونا تھا اس دوران سورہ رحمان کی پر کیف تلاوت جاری رہی ۔تلاوت کلام پاک کے بعد جونہی گنیز کے نمائندے نے عالمی ریکارڈ قائم ہونے کا اعلان کیا تو نیشنل ہاکی سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھااور سٹیڈیم میں موجود لوگوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ قبل ازیںدنیا کی سب سے بڑی موزیق بنانے کا ریکارڈ بھی پاکستان نے اپنے نام کر لیا اور نئے ریکارڈ کے ساتھ کینیز بک آف وولڈ ریکارڈ میں نام بھی درج کرالیا۔ گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں یوتھ فیسٹول کے دوران1,936 افراد نے کیلیفورینا کا سب سے بڑی موزیق بنانے کا ریکارڈ توڑا۔ریکارڈ بننے کے اعلان کے ساتھ ہی 70,000 سے زائد افراد سے کچھاکچ بھرا سٹیڈیم تالیوں کی آواز اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا ۔گینیز بک آف وولڈ ریکارڈ کے ممبرڈیوذ نے ریکارڈ بننے کا سرٹیفیکٹ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اور یوتھ فیسٹول کے چیف آرگنائزر رانا مشہود احمد کو پیش کیا۔اس موقعہ پر ڈی جی سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر عثمان انور بھی موجود تھے۔موزیق ایونٹ میں شاہی قلعہ کی تصویر بنائی گئی۔اس موقع پر مہمان خصوصی حمزہ شہباز نے پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔ قوم کے بیٹوں کو دیکھ کر ثابت ہوگیا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، ہمیں فیل ملک کہنے والوں کودعوت دیتا ہوں کہ آ کر دیکھیں یہ کہ اصل پاکستان ۔ یہی وہ جذبہ ہے جس سے ہم نے ججوں کو بحال کروایا اور ملک ایٹمی قوت بنایا۔ اسی جذبے کے مرحون منت بھارتی وزیراعظم نے مینار پاکستان کے سائے تلے کھڑے ہو کر پاکستان کے ساتھ برابری کی سطح پر مذاکرات کرنے کی بات کی تھی۔آج خوشی کا دن ہے اور ہم آج کے دن عزم کرتے ہیں کہ اپنی ہمت اور جذبے سے پاکستان کو قائداعظم کے خواب کے مطابق خوشحال پاکستان بنا کر دم لیں گے۔انہیں اپنی تقریر کا اختتام چھو لو آسمان کا نعرہ لگا کر کیا۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سب سے بڑا قومی پرچم بنانے کا ریکارڈ قائم کرنے اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام آنے پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستانی نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں اور نوجوان ملک کا تابناک مستقبل ہیں۔ انہوں نے بالخصوص اس مقابلے میں شامل ہونے والے طلباءو طالبات کے جذبے کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی لگن اور تندہی کے ساتھ کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے۔

مزید : صفحہ اول