حکومت نے کالاباغ ڈیم بنانے کا منصوبہ بنا لیا ہے: پلیجو کا انکشاف
حیدر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی تحریک کے سربراہ رسول بخش پلیجو نے کہا ہے کہ سندھ کی عوام کی جانب سے کالا باغ ڈیم کے منصوبے کو مکمل طور پر مسترد کئے جانے کے باوجود اس منصوبے کو عنقریب تعمیر کرنے کا منصوبہ بنالیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رسول بخش پلیجو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ دشمن آرڈیننس کے بعد سندھی قوم کیلئے ایک اور عالیشان تحفہ کالا باغ ڈیم تیار کرلیا ہے اور اس منصوبے کے خلاف سندھ کی عوام طویل عرصے سے جدوجہد کررہی ہے لیکن کالا باغ ڈیم کو عنقریب تعمیر کرنے کا مکمل بندو بست کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا کیس داخل کرایا گیا ہے جس کا حکومت کو نوٹس بھی مل چکا ہے لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت آرام سے بیٹھی ہے۔ رسول بخش پلیجو کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کا منصوبہ سندھ کی عوام کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے حکومت کا فرض ہے کہ وہ کالا باغ ڈیم کے معاملے پر عدالت کو 1959ءسے لے کر آج تک سندھ اور پنجاب کے مابین پانی کی تقسیم کے تکرار کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کرے۔