’’اپنا روزگار‘‘ سکیم کا اجراء
وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے بے روزگار نوجوانوں کے لئے ’’اپنا روزگار‘‘ سکیم کی منظوری دے دی جس کے تحت ضرورت مند نوجوانوں کو آسان اقساط پرگاڑیاں دی جائیں گی۔ اس کے لئے بجٹ میں پہلے ہی منظوری دی جاچکی ہوئی ہے، اسی ماہ سے گاڑیوں کی تقسیم بھی شروع ہوجائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں حکومت ان کے لئے جو ممکن ہوگا کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ ’’اپنا روزگارسکیم‘‘ کا پورا نظام شفاف ترین ہونا چاہئے اور تقسیم کی بنیاد میرٹ رکھی جائے۔
جنوبی پنجاب کے کوٹے میں بیس فیصد اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب کی طرف سے بے روزگاری کا خاتمہ کرنے کے لئے مختلف قسم کے تربیتی پروگرام بنائے گئے ، تاکہ نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے اور وہ خود اپنا روزگار حاصل کرسکیں۔اسی طرح یہ نئی سکیم بھی ہے تاہم اس سے پہلے بھی وزیراعلیٰ کی طرف سے ٹیکسیوں کی صورت میں نوجوانوں کو آسان اقساط پر گاڑیاں دی گئی تھیں۔ ان گاڑیوں کو حاصل کرنے والوں نے کاروں اور پک اپ وغیرہ کے ذریعے روزی حاصل کرنا شروع کی اور اب بھی اکثر گاڑیاں چلتی نظر آتی ہیں تاہم زیادہ تر کاریں گھروں میں نجی استعمال میں آرہی ہیں، اس لئے حالیہ سکیم اور اس کے تحت گاڑیوں کے اجراء کے ساتھ ہی یہ دیکھنا بھی لازمی ہے کہ جس مقصد کے لئے گاڑیاں دی جائیں وہ حاصل بھی ہوجائے۔ پہلے جو کاریں ٹیکسیوں کے لئے دی گئیں وہ سڑکوں پر بطور ٹیکسی نظر نہیں آئیں، ماسوا ریلوے سٹیشن یا ایئرپورٹ کے، جہاں چند کاریں دکھائی دے جاتی ہیں اس لئے نیک مقصد کے لئے جو کام ہو اس کی نگرانی بھی ضروری ہے