فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا کو انڈسٹریل اسٹیٹ کا درجہ دیاجائے: محمودغزنوی

فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا کو انڈسٹریل اسٹیٹ کا درجہ دیاجائے: محمودغزنوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا کو انڈسٹریل اسٹیٹ کا درجہ دے اور وہاں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ یہ مطالبہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن (فرایا) کے دس ر±کنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی سربراہی سرپرست اعلیٰ عدنان بٹ کررہے تھے۔ وفد کے دیگر اراکین میں فرایا کے چیئرمین مبشر نصیر بٹ، سینئر وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم، وائس چیئرمین خالد محمود اور عامر انور شامل تھے۔ وفد نے لاہور چیمبر کے نائب صدر کو آگاہ کیا کہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں ساڑھے چار سو سے زائد انڈسٹریل یونٹس واقع ہیں جن سے لاکھوں لوگوں کا روزگار بالواسطہ یا بلاواسطہ منسلک ہے مگر اس صنعتی علاقے کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کرانے میں لاہور چیمبر اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجروں کو درپیش مسائل سے اچھی طرح آگاہ ہے اور انہیں حل کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران نے صنعتی شعبے کو ب±ری طرح متاثر کیا ہے جس کے پیش نظر حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ صنعتوں کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات اٹھائے اور مارک اپ کی شرح میں کمی کرے۔

 انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر حکومت ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دے ۔سید محمود غزنوی نے فرایا کے وفد کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر نے پراپرٹی ٹیکس سے متعلقہ مسائل کے حل کرنے کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کیا ہے جس سے انہیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ مزید برآں لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا ہے کہ سٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کرکے نہ صرف حکومت مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرسکتی ہے بلکہ اس سے برآمدات کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ باوجود بہت سے چیلنجز کے موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس ملک کے معاشی استحکام میں بھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔ حکومت مزید انڈسٹریل اسٹیٹس اور انڈسٹریل زونز قائم کرکے اور موجودہ صنعتی علاقوں کو انڈسٹریل اسٹیٹس کا درجہ دیکر معاشی اہداف آسانی سے حاصل کرسکتی ہے۔

مزید :

کامرس -