ایس ایم ایزمیں بجلی کی بچت سے توانائی بحران حل ہوسکتاہے: ڈاکٹرہلمٹ کوئربر

ایس ایم ایزمیں بجلی کی بچت سے توانائی بحران حل ہوسکتاہے: ڈاکٹرہلمٹ کوئربر

  

لاہور(کامرس رپورٹر)جرمنی کے عالمی انرجی مینجمنٹ ایکسپرٹ ڈاکٹر ہلمٹ کوئر بر نے کہا ہے کہ مقامی ایس ایم ایز بجلی کی بچت اور اسکے منظم استعمال کے حوالے سے عالمی سطح پر رائج بہترین طریقے اپنا کر پاکستان میں غالب توانائی بحران کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں۔ وہ یہاں سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’سمیڈا‘ کے زیر اہتمام، جرمن ادارے جی ٹی زی اور پاکستان فاﺅنڈری ایسوسی ایشن(پی ایف اے) کے اشتراک سے منعقدہ ایک تربیتی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے جس میں فاﺅنڈری انڈسٹری سے وابستہ ایس ایم ایز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پی ایف اے کے صدر عاصم قادری اور سمیڈا کے فاﺅنڈری سروسز سنٹر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر مسٹر مکیش کما ر نے بھی شرکاءسے خطاب کیا۔ڈاکٹر کوئربر نے کہا کہ وہ پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر کے صلاحیتوں سے بے حد متاثر ہوئے ہیںمگر افسوس کہ با صلاحیت ہونے کے باوجود توائی کی قلت کی وجہ سے مقامی ایس ایم ایز عالمی حلیفوں سے مسابقت نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بچت اور اسکے منظم استعمال کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر جدید طریقے ایجاد ہو چکے ہیں جن پر بین الاقوامی صنعتی ادارے عمل پیرا ہیں۔

 انہوں نے ان طریقوں کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی اور امید کی کہ ان طریقوں پر عمل کر کے مقامی ایس ایم ایز عالمی حلیفوں سے اپنے مقابلے کی سکت اور منافع میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔پاکستان فاﺅنڈری ایسو سی ایشن کے صدر عاصم قادری نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے فاﺅنڈری انڈسٹری کے استفادہ کیلئے متذکرہ ٹریننگ پروگرام کے انعقاد پر سمیڈا اور جی ٹی زی کا شکریہ ادا کیا اور فاﺅنڈری انڈسٹری کے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ فاﺅنڈری سروسز سنٹر میں دستیا ب جدید سہولتو ں سے فائدہ اٹھائیں۔

 انہوں نے بتا یا کہ فاﺅنڈری سنٹر میں ڈیزائن سے لیکر سیمولیشن اور ٹیسٹنگ سے لیکر کاسٹنگ کے مراحل کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی میسر ہے۔قبل ازیں سمیڈا کے تحت قائم فاﺅنڈری سروسز سنٹر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر مکیش کمار نے ٹریننگ پروگرام کے شرکاءکے اعزاز میں خطبہءِ استقبالیہ پیش کیا اورڈاکٹر کوئربر اور ٹیکنیکل معاونت کے جرمن ادارے جی ٹی زی کا شکریہ اد ا کیا کہ انہوں نے پاکستان کی ایس ایم ایز کی معاونت کو اپنی ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔

مزید :

کامرس -