تحریک انصاف کی قسمت آزمائی کا بھی عوامی تحریک والا انجام ہو گا،تنویر اشرف کائرہ

تحریک انصاف کی قسمت آزمائی کا بھی عوامی تحریک والا انجام ہو گا،تنویر اشرف ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ پیپلزپارٹی پنجاب نے دھرنوں کی سیاست کو بے سود قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا دھرنے کو ختم کرنے کا فیصلہ پیپلز پارٹی کے شروع کے موقف کی تائید ہے جو اس طرزِ سیاست کی مخالف تھی۔ انہوں نے پیشینگوئی کی کہ پاکستان عوامی تحریک دھرنوں کی سیاست کی اب دوبارہ غلطی نہیں کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قسمت آزمائی کا بھی یہی انجام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اب انکے دھرنوں میں جوش و جذبے میں قابل رحم حد تک کمی آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ سراسر غیر آئینی ہے۔ انہوں نے انکو مشورہ دیا کہ وہ اب بھی پارلیمنٹ میں بیٹھ کر قومی مسائل کو حل کرنے کی خلوص نیت سے کوشش کریں جس سے انکو ایک واپسی کا باعزت راستہ بھی مل جائے گا اور پارلیمنٹ کے ادارے کی توقیر میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اس وقت پارلیمنٹ کی اہمیت کو کم کرنے کی کوششیں انکے سیاسی مستقبل پر منفی اثرڈالیں گی۔ تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو بھی مئی 2013 ؁ء کے انتخابات پر تحفظات تھے لیکن اسکے باوجود پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے جمہوریت کے تسلسل کی خاطر نتائج کو تسلیم کیا ۔ تنویر اشرف کائرہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی قائدانہ صلاحیتیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو دے دےئے جس سے جمہوریت کا مستقبل محفوظ ہوا

تنویر اشرف کائرہ

مزید :

صفحہ آخر -