ڈبل شاہ رقم کیس‘عبدالباسط کی نیب انکوائری کےخلاف درخواست خارج

ڈبل شاہ رقم کیس‘عبدالباسط کی نیب انکوائری کےخلاف درخواست خارج

لاہور(نامہ نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے ڈبل شاہ کی فراڈ کی رقم بطور امانت اپنے پاس رکھنے والے معروف وکیل ڈاکٹر عبدالباسط کی نیب کی انکوائری کے خلاف درخواست خارج کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ڈبل شاہ نے ان کے پاس بطور امانت کچھ رقم رکھوائی تھی تاہم سابق چیئرمین نیب دیدار شاہ نے انتقامی کارروائی شروع کرتے ہوئے نیب کو انکے پیچھے بھی لگا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ نیب کو امانت رکھی گئی رقم وصول کرنے کا اختیار نہیں لہذا نیب کی میرے خلاف انکوائری کالعدم کی جائے، نیب کے وکلاءسید فیصل رضا بخاری اور قاضی فیصل علی نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر باسط نے ڈبل شاہ کے ایجنٹوں سے2007 میں 3 کروڑ30لاکھ روپے وصول کئے اورانہیں واپس کرنے سے انکار کر دیا، انہوں نے استدعا کی ڈاکٹر عبدالباسط کی درخواست خارج کی جائے، عدالت نے نیب کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالباسط کی درخواست خارج کر دی۔

ڈبل شاہ

مزید : صفحہ آخر