ڈسڑکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پر عملدرآمد شروع کردیا ،سلمان رفیق

ڈسڑکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پر عملدرآمد شروع کردیا ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ چیف منسٹر ہیلتھ ریفارمز کے تحت صوبے کے تمام اضلاع کے ڈسڑکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام پر عملدرآمد شروع کردیا گیاہے اور مرحلہ وار مذکورہ ہسپتالوں کی تمام ضروریات پوری کردی جائیں گی۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں فیصل آباد اور جھنگ کے ڈسڑکٹ و تحصیل ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈپٹی سیکڑٹری بجٹ اینڈ اکاﺅنٹس سرفراز احمد، شعبہ پلاننگ کے افسران کے علاوہ پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹرزاہد یاسین ہاشمی، ای ڈی او ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر رانا وقار صادق، ممبران صوبائی اسمبلی خالد سعید، نواز ملک، ڈاکٹر نجمہ افضل خان، ضلع جھنگ کے رکن اسمبلی راشدہ یعقوب ، سابق ایم پی اے محمد یعقوب شیخ، ای ڈی او ہیلتھ جھنگ ڈاکٹر ظفر عباس خان کے علاوہ الائیڈی ہسپتال فیصل آباد، گورنمنٹ ہسپتال غلام محمد آباد فیصل آباد ،ڈسڑکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال جھنگ کے ایم ایس اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں اضلاع کے عوامی نمائندوں نے ان کے ضلعوں کے ہسپتالوں کی ترقی ، طبی آلات کی فراہمی اور ڈاکٹروں و نرسوں کی خالی آسامیوں پر بھرتی کرنے ،نئے منصوبوں کے لےے نئے سٹاف کی SNEsکی منظوری دینے کے احکامات پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں فیصل آباد کے دو ہسپتالوں گورنمنٹ ہسپتال غلام محمد آباد اور سمن آباد ہسپتال فیصل آباد کو پنجاب میڈیکل کالج کے انتظامی کنٹرول میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اقدام سے مذکورہ دونوں ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی خدمات میسر آسکیں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ برن یونٹ فیصل آباد کے لیے طبی آلات ہسپتال پہنچ چکے ہیں جن کی تنصیب جلد شروع کردی جائے گی۔ ایم ایس الائیڈ ہسپتال نے کہا کہ بائیو میڈیکل انجینئر کی تعیناتی کی جائے تاکہ طبی آلات کی موثر دیکھ بھال کی جاسکے۔ اجلاس میں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں ڈاکٹروں اور نرسز کی کمی، کڈنی سنٹر کے قیام، ڈسڑکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال فیصل آباد کے انفراسٹرکچر میں توسیع، فیصل آباد میں بریسٹ کلینک کے قیام کے علاوہ ضلع جھنگ کے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، نئی ایمبولینسز، ڈائلاسز مشینوں، ایکسرے مشینوں کی فراہمی، نرسنگ سکول جھنگ میں سیٹوں میں اضافہ اور دیگر ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔جھنگ سے تعلق رکھنے والی ایم پی اے راشدہ یعقوب شیخ نے بتایا کہ ایرانی حکومت ضلع جھنگ میں ایک بہت خوبصورت ہسپتال تعمیر کرری ہے جس پر کام کاآغاز ہوچکاہے۔ سابق ایم پی اے شیخ یعقوب نے بتایا کہ اس منصوبے پر برادر اسلامی ملک ایران کی حکومت 63کروڑ روپے خرچ کررہی ہے اس ہسپتال میں کارڈیالوجی ، آرتھوپیڈک اور یورالوجی کے شعبہ جات بھی شامل ہےں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ دونوں اضلاع کے ہسپتالوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے محکمہ صحت تیز رفتاری کے ساتھ اقدامات کرے گا اور اگر اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ سے کسی چیز کی منظوری لینے کی ضرورت پڑی تو فوری طور پر سمری ارسال کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ذاتی دلچسپی لیکر مذکورہ ہسپتالوں میں طبی آلات ا ور سٹاف کی ضروریات کو پورا کرائیں گے تاکہ علاقے کے لوگوں کو بہترین طبی سہولیات ان کے اپنے علاقے میں دستیاب ہوسکیں۔

مزید :

صفحہ آخر -