جیل روڈ، ٹریفک وارڈن کا رکشہ ڈرائیور پر تشدد، شہریوں کا احتجاج
لاہور(کرائم سیل)جیل روڈ پر ٹریفک وارڈن کا رکشہ ڈرائیور پر تشدد ،کپڑے پھاڑ دیئے ۔شہریوں کی جانب سے وارڈن گردی کے خلاف جیل روڈ پر احتجاج ،تریفک بلاک کر دی۔تفصیلات کے مطابق جیل روڈ پر تعینات ٹریفک وارڈن جعفر نے گزشتہ روز غلط طریقہ سے رکشہ پارک کرنے پر رکشہ ڈرائیور محمد افتخار کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔نمائندہ "پاکستان" سے گفتگو کرتے ہوئے عینی شاہدین نے بتایا کہ رکشہ ڈرائیور کی جانب سے سڑک کے کنارے پر رکشہ پارک کرنے پر وارڈن نے اس کو روک لیا اور دونوں میں تلخ کلامی شروع ہو گئی۔جس پر ٹریفک وارڈن نے طیش میں آ کر رکشہ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور اس کے کپڑے پھاڑ دیئے جبکہ شہریوں نے اکٹھا ہونے پر وہ موقع سے فرار ہو گیا۔شہریوں اور رکشہ ڈرائیوروں نے وارڈن گردی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جیل روڈ بلاک کر دی جس پر پولیس حکام نے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروا کر مظاہرین کو منتشر کر دیا۔