پاکستان بھارت کیخلاف ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے گریز نہیں کریگا ،پرویز مشرف

پاکستان بھارت کیخلاف ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے گریز نہیں کریگا ،پرویز ...

  

                  اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے بھارت کو للکارتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر پاکستان بھارت کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کر نے سے نہیں ہچکچائے گا اور وہ اس پر ایٹم بم ماردے گا ،بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، پاک فوج انتہائی طاقتو ر ہے اور وہ مشرقی سرحد پر کبھی نہیں جھکی،نریندر مودی پاکستان اور مسلمانوںکا مخالف ہے اور اس کے اقتدار میں آنے کے بعد سرحدوں پر کشیدگی پیداہوئی ہے ، اسے اپنا جارحانہ رویہ بدلنا ہوگا، بھارت پراکسی وار سے پاکستان کو کمزور کر رہا ہے اور وہ بلوچستان میںبھی جارحیت اور دہشتگردی میں ملوث ہے ، پاکستان پر دہشتگرد ی کے بھارتی الزامات جھوٹے ہیں اور اس کے پاس پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ،عالمی برادری پاکستان پر الزامات کے بجائے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا ساتھ دے۔ بدھ کو بھارتی ٹیلی ویژن ٹی وی ٹی این کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران بھارتی جارحیت پر اپنے ردعمل میں پرویز مشرف نے کہا کہ مشرقی سرحد پر پاک فوج کے جوان کبھی نہیں جھکے، پاکستان بھارت کے خلاف جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے کبھی نہیں گھبرائے گا۔ ہم بھارت کے خلاف پاک سرزمین کی حفاظت کےلئے ہر دم تیارہیں، اگر ضرورت پڑی تو پاکستان بھارت کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پراکسی وار سے پاکستان کو کمزور کر رہا ہے، انہوںنے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان اور مسلمانوں کا مخالف قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان اور اسلام کے خلاف ہے اوراب مودی کو اب اپنا طریقہ بدلنا ہو گا۔اس کے اقتدار میں آنے کے بعد سرحدوں پر کشیدگی پیداہوئی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نئی دہلی کے اسلام آباد پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کے پاس کوئی ثبوت نہیں اور نہ ہی اسلام آباد، بھارت میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کی پشت پناہی کر رہا ہے اور وہ وہاں جارحیت میں ملوث ہے ۔جلال آباد میں بھارتی قونصلیٹ اور خفیہ ایجنسی را بلوچستان اور دیگر علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیاں کر رہی ہے جس کے شواہد بھی ہمارے پاس موجود ہیں۔ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی حالیہ خلاف ورزی پر ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی حکومت مستحکم نہیں، پاکستان کے لوگ خود کو قربان کرنے پر تیار ہیں یہ پاکستانی فوج ہی ہے جو انہیں پیچھے روکے ہوئے ہے۔ پاکستان کا بچہ بچہ دشمن سے لڑنے اور اپنے وطن کے دفاع کی خاطر مر مٹنے کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو ہم پر الزامات عائد کرنے کے بجائے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا ساتھ دینا چاہیے

مزید :

صفحہ اول -