اسلام پورہ 40 سالہ شخص ماتھے پر گولی لگنے سے جاں بحق پولیس کو قتل کا شبہ

اسلام پورہ 40 سالہ شخص ماتھے پر گولی لگنے سے جاں بحق پولیس کو قتل کا شبہ

                              لا ہور( بلال چودھری) اسلام پورہ میں 40سالہ شخص ماتھے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا،پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔تفصیلات کے مطابق سنت نگر گلی نمبر 59 مکان نمبر 1میں 2بھائی 40سالہ عارف اور 47سالہ سجاد رہائش پذیر تھے۔سجاد کے 3بچے ہےں جبکہ عارف غیر شادی شدہ تھا۔گزشتہ روز صبح سویرے3بجے کے قریب دونوں بھائیوں میں وراثتی مکان کی تقسیم کے حوالے سے جھگڑا ہو گیا۔متوفی کے بہنوئی محمد وسیم چشتی،بھتیجے محمد ثاقب اور کزن سجاد،رانا اقبال اور رانا تحسین نے نمائندہ "پاکستان" کو بتایا کہ عارف پہلے ایک نجی بینک میں بطورسٹور کیپر ملازمت کرتا تھالیکن گزشتہ کئی سال سے بے روزگار تھا،اسی لیے وہ ذہنی دباﺅ کا شکار تھااور وراثتی جائیداد کو بیچ کر کاروبار کرنا چاہتا تھا ۔ رات 12بجے کے قریب اس کا اپنے بھائی سے اسی معاملے میں پھرجھگڑا ہو گیا جس کے بعد اس نے اپنے پستول سے جس کا لائسنس اس نے کئی سال قبل لیا تھا، اپنے سر پر گولی مار لی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ گھر والوں نے پولیس کو اطلاع دی جبکہ زخمی کو میو ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا جہاں وہ 4گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔پولیس نے متوفی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا جسے بعد ازاں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میںسپرد خاک کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق متوفی کے ماتھے پر جس جگہ پر گولی لگی ہے، اس جگہ آدمی خود سے اینگل بنا کر فائر نہیں کر سکتا،اس لیے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ سجاد نے اپنے بھائی عارف کو قتل کیا ہے۔اس حوالے سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جائے وقوعہ کو سیل کر کے تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔

مزید : علاقائی