ایپل کے لئے مزید مشکلات، آئی فون 6کا نیاسکینڈل منظر عام پر
نیویارک (نیوز ڈیسک) ایپل نے حال ہی میں اپنا نیا ماڈل آئی فون 6 بڑی دھوم دھام کے ساتھ متعارف کروایا لیکن اس فون کی خوبیوں سے زیادہ خامیاں دھوم مچارہی ہیں۔ پہلے تو اس کے ٹیڑھا ہونے کا مسئلہ سامنے آیا، پھر بیٹری کے آگ پکڑنے کا اور تازہ ترین اقعہ میں ٹیڑھا ہوکر آگ پکڑنے کا معاملہ سامنے آگیا ہے۔ امریکی ریاست ایریزونا سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخص فلپ لیکٹر کا کہنا ہے کہ وہ ایک رکشے میں محو سفر تھا کہ اچانک ایک جھٹکا لگنے سے وہ ایک طرف لڑھک گیا جس کے باعث پتلون کی جیب میں پڑا آئی فون 6 ٹیڑھا ہوگیا۔ اسی وقت اسے جلنے کی بو آئی اور دھواں نظر آیا اور ساتھ ہی اس کی ٹانگ کو شدید حرارت محسوس ہوئی۔ فلپ نے دیکھا کہ اس کی پتلون کی جیب میں پڑے فون نے آگ پکڑلی تھی، فوری طور پر فون کو باہر نکال کر آگ بجھائی گئی لیکن اس دوران اس کی ٹانگ پر کافی زخم آچکے تھے۔ فلپ کا خیال ہے کہ فون ٹیڑھا ہونے سے اس کی بیٹری پھٹ گئی اور اس نے آگ پکڑلی، فون ایک ماہ پہلے ہی خریدا گیا تھا اور فلپ نے شکوہ کیا کہ نہ صرف اس کی بھاری رقم ضائع ہوئی ہے بلکہ علاج پر بھی اخراجات ہوں گے اور اسے شدید ذہنی صدمہ بھی پہنچا ہے۔