ٹریفک اور پارکنگ کے بدترین مسائل تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کر رہے ہیں ، لاہور چیمبر

ٹریفک اور پارکنگ کے بدترین مسائل تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کر رہے ہیں ، لاہور ...

لاہور(این این آئی) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے ہر گزرتے دن کے ساتھ ٹریفک اور پارکنگ کے سنگین ہوتے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری توجہ دے اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع حکمت عملی وضع کرے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ٹریفک اور پارکنگ کے بدترین مسائل صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو بہت بْری طرح متاثر کررہے ہیں، ایک طرف تو صنعتوں کے خام مال اور تیار اشیاء کی نقل و حمل میں کئی کئی گھنٹے برباد ہوجاتے ہیں اور دوسری طرف شہر بھر کی مارکیٹوں میں نہ صرف گاہکوں بلکہ تاجروں کو بھی آمد و رفت میں شدید دشواریاں درپیش ہیں جس کی وجہ سے صنعتکاروں اور تاجروں کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل نہ کیا گیا تو مستقبل میں صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے، لاہور ایک اہم صنعتی و تجارتی مرکز ہے اور یہ ٹریفک کے بدترین مسائل کا کسی بھی صورت متحمل نہیں ہوسکتا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ کے نظام کو جدید اور خود کار بنانے کے اقدامات کو بتدریج آگے بڑھایا جائے اور تمام اہم پارکنگ پوائنٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے چاہئیں۔ انہوں نے جدید وائی فائی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سنٹرل کنٹرول روم سے گاڑیوں کی پارکنگ کے نظام اور سٹاف کی حاضری کی بہتر انداز میں مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پارکنگ کمپنی کی کارکردگی بہتر بنائی جائے اور تمام مارکیٹوں کے اندر یا قریب پارکنگ پلازے تعمیر کیے جائیں جس سے پارکنگ کا مسئلہ خاصی حد تک حل ہوجائے گا۔

مزید : کامرس