نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل اہم کارنامہ ہے، عاطف اکرام شیخ

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل اہم کارنامہ ہے، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے اور یہ بجلی کی پیداوار میں خود کفالت کی جانب اہم پیس رفت ہے جس سے توانائی بحران میں کمی آئے گی۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ چار سو چار ارب روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے نو سو انہتر میگا واٹ کے اس منصوبہ میں پانی ذخیرہ کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مکمل بھرائی کیلئے ایک ماہ کی مدت درکار ہو گی ۔اس منصوبہ سے بجلی کی آزمائشی پیداوار بھی شروع کر دی گئی ہے اور چند ماہ میں بجلی کی باقاعدہ پیدا وار شروع ہو جائے گی۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ یہ منصوبہ آٹھ ہزار دو سو سات ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کر سکتا ہے اور سے نیشنل گرڈ میں سالانہ پانچ ارب پونٹ کا اضافہ ہو گا جس سے حکومت کو پچاس ارب کا ریونیو ملے گا جبکہ اس سے رہائشی علاقوں اور زرعی زمینوں کو پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس ڈیم سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت تقریباً سات روپے فی یونٹ ہو گی جو دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والے بجلی سے کافی سستی ہے ۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے بعد چند ماہ میں گولن گول اور تربیلا فور ایکسٹینشن ہائیڈرو پراجیکٹ سے بھی بجلی کی پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔

جس سے قومی گرڈ میں ڈھائی ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہو جائے گی جبکہ سات دیگر منصوبے جن کے زریعے سولہ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی جبکہ ایک کروڑ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا بھی زیر تکمیل ہیں ۔ ان میں دیامیر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو سٹیج ٹو، بونجی اور تربیلا ففتھ ایکسٹینشن پراجیکٹ شامل ہیں۔

مزید : کامرس