پاکستان اور سری لنکا کا آخری ونڈے آج کھیلا جائیگا ، شاہین کلین سویپ کیلئے پر عزم

پاکستان اور سری لنکا کا آخری ونڈے آج کھیلا جائیگا ، شاہین کلین سویپ کیلئے پر ...

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور سری لنکا کے مابین ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے (آج )کھیلا جائیگا،پاکستانی ٹیم چھٹی بار5ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ فتح کیلئے پر عزم ہے۔ ڈے نائٹ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر3بجے شروع ہوگا۔پاکستانی ٹیم میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 5ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری ون ڈے (آج)پیر کو کھیلا جائے گا۔قومی ٹیم کو سیریز میں 4-0کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔کپتان سرفراز احمد ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ شکست کا بدلہ لینے کیلئے بے تاب ہیں ۔دوسری جانب پاکستان نے سری لنکا کو متحدہ عرب امارات میں جاری ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کردیا تو یہ گرین شرٹس کی چھٹی سیریز ہوگی جس میں گرین شرٹس نے مخالف ٹیم کو 5 صفر سے ہرانے میں کامیاب ہوگی۔ ایسا پہلی بار 2002 کے دورہ زمبابوے میں ہوا تھاجب وقار یونس کی قیادت میں قومی ٹیم نے الیسڑا کیمبل کی میزبان ٹیم کو تمام پانچ ون ڈے میچوں میں ہرایا تھا۔دوسری مرتبہ 2003 میں انضمام الحق کی قیادت میں ہوم گراونڈ پر قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کو تمام پانچ ون ڈے میچوں میں ہرایا تھا اور 2003 ہی میں انضمام الحق کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم نے ہوم سیریز 5/0 سے جیتی تھی۔پاکستان نے چوتھی مرتبہ پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے تمام میچ زمبابوے کے خلاف 2008 کی ہوم سیریز میں جیتے اور اسی سال ہوم سیریز میں بنگلہ دیش کو بھی پاکستان ٹیم نے 5/0 سے شکست دی تھی جب کہ دونوں سیریز میں قیادت کے فرائض شعیب ملک انجام دے رہے تھے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی