گلشن راوی اتوار بازار : ٹماٹر سستا ، پیاز کی قیمتوں کو پر لگ گئے

گلشن راوی اتوار بازار : ٹماٹر سستا ، پیاز کی قیمتوں کو پر لگ گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(عا مر بٹ سے)زیادہ منافع کا لالچ لاہورکے گلشن راوی اتوار بازار میں ٹماٹر کی قیمتیں کم ہونے پر پیاز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ 35-40روپے میں فروخت ہونیوالا پیازگیلا پیاز 80-90 روپے میں فروخت ہوتارہا، یکساں قیمت پر درجہ دوئم اورسوئم کی سبزیاں اور پھل فروخت ہوتے رہے۔ انتظامیہ کو کئی بار تحریری آگاہ کرچکے ہیں کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ شہریوں کا سروے میں شکوہ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے لاہورکے تمام اتوار بازاروں میں ٹماٹرنایاب رہے اور جہاں جہاں دستیاب ہے وہاں ان کی قیمتیں سن کرہی شہریوں کے ہوش اڑ جاتے ہیں۔ اب ٹماٹروں کی قیمتیں کنٹرول ہوئیں تو ذخیرہ اندوزوں نے زیادہ منافع کے لالچ میں پیاز کو سٹاک کرکے50فیصد زائد قیمت پر بیچنا شروع کردیا ہے۔ گلشن راوی اتواربازار میں آئے ہوئے شہری محمد ارسلان، بلال علی ڈوگر اور فیصل نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کے علاقہ گلشن راوی میں قائم سستا اتوار بازار کی انتظامیہ عوام اور خریداروں کے لئے وبال جان بن گئی ہے ،منہ مانگی قیمت پر ناقص اور حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف اشیا ء خوردونوش کی فروخت معمول بن گئی ہے مہنگائی کم کرنے کا دعویٰ کرنے والے حکمران کبھی ادھر کا بھی وزٹ کر لیں تو انہیں پتہ چل جائے گا کہ عوام کس حال میں ہیں اور ان کو ووٹ دے کر منتخب کرنے کی کیا سزا مل رہی ہے ،پھلوں ،سبزیوں کا یہ معیارہے کہ کئی کئی دن کی باسی سبزیاں اور پھل فریج میں رکھ کر دوبارہ انہیں سٹال پر سجا کر فروخت کیا جارہا ہے۔ ان زائد المیعاد سبزیوں اور پھل کھانے سے فوڈ پوائزننگ اور دوسری بیماریاں بھی لاحق ہونے کا خدشہ ہے ،کئی بار ایڈمنسٹریٹر بازار سے شکایت کرنے کو گئے ہیں لیکن ہماری کوئی شنوائی نہ ہوئی۔شہری محمد رمضان، شبیر احمد، نذیر چوہدری، ارشاد گجر، لطیف ارائیں، سجاد ملک، شہاز ملک اور عمر علی ودیگر نے کہا کہ ابھی لوگ ٹماٹر کی مہنگائی کے اثر سے نہیں نکلے اب پیاز بھی مہنگا کردیا گیا ہے،تمام تر اطلاعات کے باوجود ٹاؤن انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔پھلوں اور سبزیوں کی صورت حال بھی مختلف نہ ہے۔ گلشن راوی اتوار بازار میں ہرسٹال پر سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں ہے تاہم درجہ سوئم کی اشیاء دی جارہی ہیں جس سے ظاہر ہوتاہے کہ یہ سب انتظامیہ کی ملی بھگت سے ہورہاہے۔ لاہورمیٹروپولیٹن کے ترجمان نے کہاکہ ٹماٹرکے بعد پیاز کی قیمتیں زیادہ ہونے کی اطلاعات ہیں لیکن اس پر آئندہ چند دنوں میں قابو پالیا جائے گا۔ جہاں بھی ذخیرہ اندوزی کی اطلاع ہوئی اس گودام کو سیل اورمالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔