فلوریڈا میں سفید فام بالادستی کے خلاف مظاہرے میں فائرنگ ،3 افراد گرفتار
واشنگٹن(آن لائن)امریکی ریاست فلوریڈا میں سفید فام بالا دستی کے ایک حامی رچرڈ سپنسر کی فلوریڈا میں متنازعہ تقریر کے نتیجے میں فائرنگ کے بعد پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق آل رائٹ موومنٹ نامی تحریک کے لیڈر سپنسر نے ریاست فلوریڈا کے شمالی قصبے گینز ول میں واقع یونیورسٹی کیمپس میں سفیدفام بالادستی، نیو نازی اور کوکلوکس کلین کے حق میں تقریر کی۔اس کی تقریر کے ختم ہونے کے تقریباً ایک گھنٹے کے بعد سپنسر کے تین حامیوں نے نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ کرنے والے ایک گروپ کے سامنے اپنی کار روک کر گولیاں چلائیں۔پولیس اور حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے مظاہرین کو دھمکیاں دیں اور نازیوں کے انداز میں سیلوٹ کرتے ہوئے ہٹلر کے حق میں نعرے لگائے۔پولیس نے بتایا کہ اسی دوران ایک 28 سالہ انتہاپسند نوجوان ٹیلر ٹین برینک نے اپنی بندوق نکالی اور مظاہرین پر گولیاں برسائیں جو ایک قریبی عمارت میں لگیں۔پولیس نے ٹین برینک کو اس بھائیوں ولیم اور گالٹن فیرس سمیت گرفتار کر لیا۔
جن کی عمریں بالترتیب 30 اور 28 سال ہیں۔ان تینوں کے خلاف اقدام قتل کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔