یونین کونسلوں کے چیئر مینوں نے وائس چیئر مینوں کو با اختیار بنانے کی مخالفت کر دی

یونین کونسلوں کے چیئر مینوں نے وائس چیئر مینوں کو با اختیار بنانے کی مخالفت ...

لاہور( جنرل رپورٹر) لاہور سمیت دیگر اضلاع کی یونین کونسلوں کے چیئر مینوں نے وائس چیئر مینوں کو با اختیار بنانے کی مخالفت کر دی ہے اور اس ضمن میں دھمکی دی ہے کہ وائس چیئر مین کو چیئر مین کے برابر اختیارات دئے یا سائننگ اتھارٹی دی گئی تو بغاوت کر دیں گے اور احتجاج بھی کیا جائے گا ۔اس حوالے سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کی274 یونین کونسلوں کے چیئر مینوں نے لارڈ میئر جبکہ دیگر اضلاع کے چیئر مینوں نے اپنی اپنی ضلع کونسل کے چیئر مین کواس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔یاد رہے کہ قبل ازیں وائس چیئر مین اختیارات لینے کے لئے میدان میں آئے اور انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک مارچ کیا ،ان سے وزیر بلدیات نے مذاکرات کئے اور وائس چیئر مینوں کو چیئر مین یونین کونسل کے برابر اختیارات دینے کا فیصلہ ہوا اورانہیں اختیارات دینے کے لئے باقاعدہ طور پر کام شروع ہو گیا تھاجس کی اطلاع پاتے ہی چیئر مین میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے اس فیصلے کی مخالفت کر دی ہے۔ان کا کہناہے کہ اگر حکومت وائس چیئر مینوں کو اختیارات دینا چاہتی ہے تو ضرور دے لیکن یہ چیئر مین سے الگ ہونے چاہئیں ،اس کے بر عکس ہوا تو اس سے نئے مسائل جنم لیں گے۔اس حوالے سے وزیر بلدیات منشا اللہ بٹ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ابھی اس معاملے پر غور ہو رہا ہے کہ وائس چیئر مین کے اختیارات کیا اور چیئر مین کے کیا ہونے چاہئیں، دونوں چیئرمیز بلدیاتی نظام کا حصہ ہیں اوران کی اپنی اپنی حیثیت ہے، انہیں سڑک پر آنے کی بجائے گفت و شنید کی میز پر آ کر معاملات کو حل کرنا ہو گا۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...