تیز رفتار بس کی کار کو ٹکر ، 2کمسن بھائی جاں بحق‘ والدین زخمی

تیز رفتار بس کی کار کو ٹکر ، 2کمسن بھائی جاں بحق‘ والدین زخمی

لاہور(خبرنگار)موٹروے راوی ٹول پلازہ کے قریب تیز رفتار بس نے بے قابو ہوکر کھڑی کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں دوکمسن بھائی جاں بحق جبکہ ان کے والدین زخمی ہوگئے، پولیس نے بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کروا دیا گیا، جاں بحق ہونے والے دونوں بچوں کی لاشیں قانونی کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیںِ تفصیلات کے مطابق راوی ٹول پلازہ پر تیز رفتار بس بریک فیل ہونے کی وجہ سے بے قابو ہوکر ٹول پلازہ پر ٹیکس کی ادائیگی کے لیے کھڑی کار سے جا ٹکرائی، جس کی وجہ سے کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی، حادثہ میں دو کمسن بھائی 12سالہ ریحان اور 7سالہ صائم موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ بچوں کے والد ڈاکٹر عادل اور انکی اہلیہ شدید زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیاگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عادل کا آبائی علاقہ شخوپورہ ہے اور ان کے والدین شیخوپورہ میں مقیم ہیں جنہیں حادثے کی اطلاع کردی گئی ہے، ڈاکٹر عادل شیخوپورہ کے ہی ایک ہسپتال میں پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دیتے ہیں حادثہ کے دوران دیگر تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، پولیس نے بس ڈرائیور کو گرفتار کرکے واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی ہے، پولیس کے مطابق بچوں کی لاشیں قانونی کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں ہیں ۔

مزید : علاقائی