ملت پارک پولیس کا جواریوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 22 گرفتار

ملت پارک پولیس کا جواریوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 22 گرفتار

لاہور( خبرنگار) نئے ایس ایچ او ملت پارک رانا محمد انور نے رات گئے قمار بازی کے ایک اڈے پر چھاپہ مار کر 22 جواریوں کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے قبضہ سے داؤ پر لگی ہوئی ہزاروں روپے کی نقدی برآمد کر لی ہے۔ایس پی اقبال ٹاؤن ڈویژن رانا عمر فاروق کے مطابق ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر رکھا گیا ہے جس میں ڈی ایس پی سمن آباد عمران نواز خاں کی نگرانی میں ایس ایچ او ملت پارک رانا محمد انور اوردیگر اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور اس ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی کہ بسطامی روڈ پر اسد بلو چ کے ڈیرہ پر دو درجن سے زائد افراد سرے عام جوا کھیل رہے ہیں ۔ جس پر چھاپہ مارا گیا تو اسد بلوچ سمیت 22 ملزمان محمد اسلم، احتشام علی، عدیل احمد، محمد سجاد ، عثمان علی، عمران، محمد سلم، مجاہد حسین وغیرہ کو جوا کھیلتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزمان کے قبضہ سے ہزاروں روپے نقدی، قیمتی گھڑیاں اور موبائل فونز برآمد کر لئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے ایس ایچ او ملت پارک رانا محمد انور کی کارکردگی کو زبردست سراہا ہے اور انہیں تعریفی سند اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی