جاپان میں قبل از وقت انتخابات مکمل وزیراعظم شینزو آبے پھر فاتح

جاپان میں قبل از وقت انتخابات مکمل وزیراعظم شینزو آبے پھر فاتح

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ٹوکیو(آئی این پی)جاپان میں قبل از وقت انتخابات کیلئے اتوار کو ہونیوالی پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور ایگزٹ پولز کے مطابق وزیرِاعظم شینزو آبے کی جماعت دوبارہ دوتہائی اکثریت سے کامیاب ہو گئی ہے۔جاپانی ٹی وی چینل 'ٹی بی ایس' کے مطابق وزیرِاعظم کی جماعت 'لبرل ڈیموکریٹک پارٹی' اور اس کی اتحادی جماعتوں کو پارلیمان کے 465رکنی ایوانِ زیریں میں 311نشستوں پر کامیابی ملی ہے جس کے نتیجے میں حکمران اتحاد کی ایوان میں دو تہائی اکثریت برقرار رہے گی۔شینزو آبے پہلی بار دسمبر 2012 میں اقتدار میں آئے تھے ۔شینزو آبے نے گزشتہ ماہ پارلیمان کے ایوانِ زیریں کو تحلیل کرکے قبل از وقت انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ملک کے سوشل سکیو ر ٹی نظام میں اصلاحات اور جاپان کے آئین میں مجوزہ ترامیم کیلئے عوام سے نیامینڈیٹ حاصل کرنا تھا۔شینزو آبے شمالی کوریا کی جانب سے دی جانے والی مسلسل دھمکیوں کے باعث جاپان کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافے اور افواج کو مزید موثر بنانے کے حامی ہیں جس کیلئے انہیں آئین میں ترمیم کرنا ہوگی۔دوسری جنگِ عظیم کے بعد امریکی ایما پر بننے والے جاپان کے آئین کی شق 9 کے تحت جاپان مسلح افواج نہیں رکھ سکتاتاہم جاپانی حکومتیں اس شق کی یہ تشریح کرتی رہی ہیں کہ جاپان کو صرف اپنے دفاع کیلئے فوج رکھنے کا اختیار ہے لیکن یہ فوج بیرونِ ملک کسی کارروائی میں شریک نہیں ہوگی۔لیکن شینزو آبے آئین کی اس شق کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور ان کا موقف ہے کہ شمالی کوریا کی مسلسل جارحیت اور دھمکیوں کے بعد جاپان کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی فوج کو مستقبل کے خطرات سے نبٹنے کیلئے تیار کرے۔

مزید :

صفحہ اول -