اساتذہ کرام کو غیر تدریسی ڈیوٹیوں پر لگا کر ذلیل کیاجارہا ہے ،صوفی رمضان

اساتذہ کرام کو غیر تدریسی ڈیوٹیوں پر لگا کر ذلیل کیاجارہا ہے ،صوفی رمضان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار)پنجاب میں ہزاروں بچے سرکاری سکولوں سے پرائیویٹ سکولز میں داخل ہورہے ہیں جو حکومت پنجاب کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کااظہارصوفی رمضان انقلابی مرکزی صدر آل ٹیچرزالائنس پنجاب و پنجاب ٹیچرزیونین رجسٹرڈ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غلط تعلیمی پالیسیوں کی وجہ سے ہزاروں سکولوں کو PEFکے حوالے کرنا پڑا اور اب یہ حالت ہے کہ سرکاری سکولز کے ہزاروں بچے سرٹیفکیٹ لے کر مجبوراً پرائیویٹ سکولوں سے رجوع کررہے ہیں ۔اساتذہ کرام کو غیر تدریسی ڈیوٹیوں پر لگا کر اس قدر ذلیل کیاجارہا ہے کہ لوگ پنشن لے کر گھر چلے جائیں۔ سرکاری سکولوں کے بنیادی مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری ادارے بہتر نہیں ہورہے ۔ تعلیمی بجٹ کو سڑکوں پر لگا کر تعلیم بہتر نہیں کی جاسکتی ۔ ایک طرف عالم یہ ہے کہ بڑے بڑے نعرے لگائے جارہے ہیں کہ ہم تعلیم وصحت پر بجٹ لگائیں گے لیکن بچوں کا سرکاری سکول چھوڑ کر پرائیویٹ سکولوں میں جانا کیا واضح کررہا ہے۔ سرکاری دفاتر میں کرپشن کا راج ہے ۔ نئے بھرتی ہونے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کو اپنی تنخواہوں کے حصول کیلئے رشوت دینا پڑتی ہے۔ جب تعلیم کے شعبہ میں بھی کرپشن ہوگی تو ادارے کیسے بہتر ہوسکتے ہیں۔