سینیٹ کا ہنگامہ خیز اجلاس آج، الیکشن بل کی شق 203 میں ترمیم کا بل پیش ہو گا
اسلام آباد (آئی این پی) سینیٹ کا ہنگامہ خیز اجلاس آج سہ پہر تین بجے ہو گا ، اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن بل 2017ء کی شق 203 میں ترمیم کا بل پیش کیا جائے گا ،بل کے تحت عدالتوں سے نا اہل شخص کسی سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکے گا ، سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت کی وجہ سے بل منظور ہونے کا امکان ہے ، سینیٹ اجلاس میں بنیادی حقوق اور ٹریفک قوانین کو میٹر ک اور انٹرمیڈیٹ کے تعلیمی نصاب میں شامل کرنے ، سرکاری حج سکیم میں اخراجات کم کرنے اور ملک بھر میں ضلعی سطح پر خواتین کیلئے الگ یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے قرارداد یں پیش کی جائینگی ۔ اجلاس میں تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی ،مسلم لیگ (ق) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن بل 2017ء کی شق203میں ترمیم پیش کی جائیگی ،اس سے قبل سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور ہونیوالے الیکشن بل 2017ء کی شق 203 کے تحت کوئی بھی پاکستانی کسی بھی سیاسی جماعت کا رکن اور سربراہ بن سکتا تھا جس کے تحت نواز شریف دوبارہ مسلم لیگ ن کے سربراہ منتخب ہوئے ۔ سینیٹ سے منظوری کے بعد الیکشن ترمیمی بل 2017ء دوبار ہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جہاں حکومت کی اکثریت کی وجہ سے بل مسترد ہونے کا امکان ہے ۔ایجنڈا کے مطابق سینیٹ میں پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر مختلف جماعتوں کے سینیٹرز کی جانب سے بل پیش کئے جائیں گے ۔
سینٹ