پنجاب حکومت کے نت نئے تجربے‘ محکمہ تعلیم کو تختہ مشق بنا دیا

پنجاب حکومت کے نت نئے تجربے‘ محکمہ تعلیم کو تختہ مشق بنا دیا

ملتان (سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کے نت نئے تجربے ناکامی سے دوچار ہوگئے۔ 10ماہ گزرنے کے باوجود ملتان سمیت پنجاب میں مستقل ڈویژنل ڈائریکٹرز سکولز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز تعینات نہ ہو سکے ۔معاملات الجھ کررہ گئے۔ تفصیل کے مطابق 10ماہ(بقیہ نمبر26صفحہ12پر )

گزرنے کے باوجودملتان سمیت حکومت پنجاب کی طرف سے صوبے کے تمام اضلاع میں مستقل ڈویژنل ڈائریکٹرز سکولزاور سی ای اوز ڈی ای ایز کا تقرر نہیں ہوسکا بلکہ یکم جنوری 2017سے ہی قائم مقام ڈویژنل ڈائریکٹرز سکولز اور سی ای اوز لگائے جا رہے ہیں ۔ ملتان میں سی ای او اشفاق گجر ‘ ان کے بعد اعزاز احمد خان جوئیہ اور ان کے بعد اب رئیس احمد بھی قائم مقام سی ای او ہیں جن کی تقرری کے نوٹیفکیشن میں انہیں بھی ایکٹنگ سی ای او لکھا گیا ہے یعنی کہ یہ بھی مستقل نہیں ہیں ۔ اس صورتحال میں ملتان صوبے کے تمام36 اضلاع میں ڈائریکٹوریٹ آف سکولز اور ایجوکیشن اتھارٹیز کے معاملات الجھ کر رہ گئے ہیں ۔حکومت پنجاب تعلیمی شعبے میں نت نئے تجربے کر رہی ہے ۔ یکم جنوری 2017کو ایک تجربہ کیا جس کے تحت صوبے بھر میں پہلے ختم کئے گئے ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ آف سکولز بحال کر دئیے جبکہ یکم جنوری کو ہی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن ( ای ڈی ای او ایجوکیشن) کا عہدہ ختم کرکے اس کی جگہ چیف ایگزیکٹو آفیسرز ( سی ای او ز) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز مقرر کر دئیے ۔ حکومت نے ’’تیزی ‘‘ دکھاتے ہوئے نئے افسران کو سی ای اوز مقرر کرنے کی بجائے ای ڈی اوز ایجوکیشن کو ہی سی ای او ز مقرر کر دیا ۔ اس طرح افسران تعلیم بھی وہی رہے اور دفاتر بھی وہی رہے ۔ بس عہدے کا نام تبدیل کرکے شعبہ تعلیم میں ’’ تبدیلی ‘‘ لا کر حکومتی کارکردگی شو کی گئی ۔ڈویژنل ڈائریکٹر ز سکولز کا بھی تاحال تقرر نہیں کیاجاسکاہے ۔ 10ماہ گزرنے کے باوجود ہر سی ای او کوڈویژنل ڈائریکٹر سکولز سیکنڈری جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمنٹری (مردانہ) کو ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز ایلمنٹری کا عارضح چارج دیا گیا ہے ۔حد تو یہ ہے کہ تاحال ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز ہی مکمل نہیں ہو سکیں ۔ چیئرمینوں‘وائس چیئرمینوں اور ممبران کا تقررنہیں کیا جاسکا تعلیمی حلقوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب تاحال صوبے میں مستقل ڈویژنل ڈائریکٹرز سکولز اور سی ای اوز کا تقرر نہیں کر سکی جس کے باعث افسران دلجمعی سے کام نہیں کر رہے ہیں اور تعلیمی ترقی کے جو اہداف مقرر کئے گئے تھے ان کا حصول ممکن نہیں ہو سکا ہے ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...