چیئر مین نیب سن لیں ، انصاف نہ کیا تو پھر چوراہوں میں عدالتیں لگیں گی : سراج الحق

چیئر مین نیب سن لیں ، انصاف نہ کیا تو پھر چوراہوں میں عدالتیں لگیں گی : سراج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد،لاہور(آن لائن+ مانیٹرنگ ڈیسک)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کے ذریعے سیاسی شہادت حاصل کرنا چاہتے ہیں یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ وہ انگلی کٹوا کر شہیدوں میں نام لکھوانا چاہتے ہیں جو اب ممکن نہیں ہے،مضبوط معیشت فوج نہیں ہر پاکستانی کا مطالبہ ہے،اسلام آباد اور پنڈی میں فاصلے کم کئے جائیں،اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ ایک ایسی لابی اس طاق میں ہوتی ہے کہ ختم نبوت کے حوالے سے اس قانون پر کوئی ضرب لگائی جائے،ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی کرنے والے لوگوں کی نشاندہی ہونی چاہئے،انہوں نے کہا کہ نوازشریف سٹیٹس کو کے نمائندے ہیں ان کے ساتھ اتحاد ممکن نہیں،غاروں میں چھپے دہشت گردوں سے زیادہ خطرناک وہ معاشی دہشتگرد ہیں جو شرافت کا لبادہ اوڑھ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔دریں اثنالاہور میں پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں 436 افراد کے نام ہیں اور ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں، چیرمین نیب سے کہتا ہوں قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، اگر آپ بھی انصاف نہ کر سکے تو پھر چوراہوں میں عدالتیں لگیں گی۔ نواز شریف اور ان کے خاندان نے پنجاب میں رنجیت سنگھ سے زیادہ عرصہ حکومت کی لیکن اتنا عرصہ حکومت کے بعد بھی آج لاہور میں پینے کا صاف پانی نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے جغرافیے اور ختم نبوت کو بھی خطرہ ہے۔ جب تک یہ نظام رہے گا، نواز شریف اور آصف زرداری پیدا ہوتے رہیں گے ۔
سراج الحق