ملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام پولنگ ایجنٹس کی تربیت کا عمل شروع
پشاور(کرائمز رپورٹر ) ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیداوار این اے 4 الحاج لیاقت علی خان کی طرف سے پورے حلقے کے ہر پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کی ڈیوٹیاں لگاکر تربیت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انچارج انجینئر محمد حارث ڈار نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ہم ہر یو سی کے پولنگ اسٹیشنز پر مقرر کیے جانے والے مرد و خواتین پولنگ ایجنٹس کی علیحدہ علیحدہ ورکشاپس کرا رہے ہیں۔ ان ورکشاپس میں ہم ملٹی میڈیا پراجیکٹر کے ذریعے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی جانے والی رہنمائی ویڈیوز، تصاویر اور چارٹ کے ذریعے پولنگ ایجنٹس کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ ملی مسلم لیگ کے رہنما انجینئر حارث ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ الیکشن کے عمل کو شفاف اور محفوظ بنائے۔ لوگوں کو باحفاظت طریقے سے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع دیا جائے۔ ہم دھونس اور دھاندلی کی سیاست نہیں چلنے دیں گے۔ سیاست کرنا ہر پاکستانی کا حق ہے۔ ہم امن کی سیاست کرنے آئے ہیں۔