حمزہ شہباز کی الوقار ہاوس آمد،ملک عدنان نون اورطحیہ خان سے آئندہ انتخابات کے لئےضلع سرگودھا سے متعلق اہم مشورے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ ن کے رہنما ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے الوقار ہاوس لاہور میں سابق ممبر قومی اسمبلی ملک عدنان حیات نون ‘ممبر صوبائی اسمبلی محترمہ طحیہ عدنان سے ملاقات کی ۔اور سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کے سلسلہ میں ضلع سرگودھا سے متعلق اہم صلاح مشورے کئے ۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں کسانوں کو کھیت سے منڈی تک کارپٹ سڑکیں صحت عامہ کی سہولیات فراھم کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے جس میں بھلوال کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو بھی ماڈل ہسپتال کا درجہ دیا گیا ہے اور وہ پنجاب کے ان ہسپتالوں میں شامل کیا گیا ہے جن کو جدید مشینری سے آراستہ کیا جائے گا ‘ حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستانی سیاست سے نون خاندان کی خدمات کو الگ نہیں کیا جاسکتا گوادر بندرگاہ کے حوالے سے سابق وزیراعظم ملک فیروز خان نون نے جو کردار ادا کیا اسی رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ عمان سے گوادر کے حصول کی کوششوں پر ملک فیروز خان نون کی دور اندیشی کو جتنا سراہا جائے وہ کم ہے ان کا کہنا تھا کہ اگر گوادر بندرگاہ پاکستان کے پاس نہ ہوتا تو آج پاکستان کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ سی پیک کسی صورت شروع نہ ہوسکتا ۔
انہوں نے ملک عدنان حیات نون ‘محترمہ طحیہ عدنان نون کے مطالبہ پر بھلوال کی تعمیر و ترقی کےلئے فوری طور پر فنڈز کی فراہمی اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دلانے کا بھی وعدہ کیا ‘سابق ممبر قومی اسمبلی ملک عدنان حیات نون ‘ممبر صوبائی اسمبلی محترمہ طحیہ عدنان نون نے کہا کہ عوام مسلم لیگ ن کی پالیسیوں سے مکمل طور پر اتفاق کرتی ہے اور لیگی قیادت کے تمام فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی دور حکومت میں جتنے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے اس سے پہلے نہیں ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن 2018ءکے عام انتخابات میں ضلع سرگودھا سمیت ملک بھر سے کلین سویپ کرے گی اور 2018ءمیں بھی مسلم لیگ ن کی ہی حکومت بنے گی انہوں نے کہا کہ نون خاندان ھمیشہ سے مسلم لیگی رہا ہے اور اب ہر مشکل میں اپنی اس جماعت کے ساتھ کھڑا ہے