ایس ایم ایز انڈسٹری میں نئی سرمایہ کاری اورٹیکنالوجی کے بغیر ترقی ممکن نہیں‘ تیمور ملک
لاہو(کامرس رپورٹر)معروف صنعتکار رہنماء تیمور علی ملک نے کہا ہے کہ ایس ایم ایز انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کئے بغیر ملکی معیشت کو مستحکم نہیں کیا جا سکتا۔کسی بھی ملک کی صنعتی اور اقتصادی ترقی کے لیے ایس ایم ایزکی اہمیت کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔گزشتہ روز جاری کر دہ بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز(ایس ایم ای)کو فروغ نہیں دیا جائے گا اس وقت تک بڑے صنعتی یونٹس بھی ترقی کی منازل طے نہیں کر پائیں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں جتنے بھی بڑے صنعتکار ہیں وہ سب ایس ایم ایز کی پیداوار ہیں۔ تیمور ملک نے کہا کہ سالانہ جی ڈی پی میں ایس ایم ایز کا حصہ تقریباََ 40فیصد ہے ، آنے والے دنوں میں ایس ایم ایز سیکٹر پاکستان میں غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔انہوں نے کہاکہ ٹیکس میں اضافہ نہ کیا جائے، اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدام کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں ایس ایم ای انڈسٹری بے روزگاری کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کر ہی ہیں لہذا حکومت وقت کو چائیے کہ چھوٹی انڈسٹری کو ریلیف دینے کے لیے اقداما ت اٹھائیں۔