لٹیروں کا ایک ٹولہ اکٹھا ،ذہنی طور پر ابھی تک ڈی چوک میں براجماں ، مریم اورنگزیب

لٹیروں کا ایک ٹولہ اکٹھا ،ذہنی طور پر ابھی تک ڈی چوک میں براجماں ، مریم ...

اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے لٹیروں کا ایک ٹولہ اکٹھا ہو گیا ہے جو ذہنی طور پر ڈی چوک سے ابھی تک نہیں ہٹا ،خان صاحب کو چاہیے وہ وزیر اعظم کی کرسی کی جگہ کنٹینر رکھ لیں تاکہ انکی کارکردگی بہتر ہو جائے ۔ گزشتہ روز احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھا حکومت کے 65 دن مکمل ہو گئے ہیں ہمیں حکومت کے 100 دن پورے ہونے کا انتظا ر ہے جونہی 100 دن مکمل ہونگے حکومت کا حساب کتاب شروع اور انہیں حقیقی اپوزیشن کا بھی علم ہو جائیگا اپوزیشن ہوتی کیا ہے ؟ انہوں نے کہا حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہر طرف سے آوازیں آنا شروع ہو گئی ہیں، آصف زرداری کابیان آ گیا جبکہ دیگر اپوزیشن جماعتیں توکجا حکومتی حمایتی بھی حکومت کو نااہل قرار دے رہے ہیں ۔ مہنگائی نے غریب لوگوں کا جینا دوبھر اور خود کشیوں پر مجبور کر دیا،ہم لوگوں کے گھر وں پر ڈاکہ بر د ا شت نہیں کریں گے، ہم غریب لوگوں کیساتھ ہیں۔ حکومت کو گیس اور بجلی مہنگی نہیں کرنے دینگے ،سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کے بیان پر نیب کا خاموش رہنا نیب کو متنازعہ بنا رہا ہے ۔ نیب کی خاموشی ظاہر کرتی ہے عمران خان اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے اور نیب کو ایک بار پھر سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔

مزید : صفحہ آخر /رائے