نواز شریف ، مریم اور صفدر کی سزا معطل کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج، گیلانی کیخلاف ریفرنس نواز شریف کے ریفرنسز نمٹانے کے بعد سننے کا فیصلہ

نواز شریف ، مریم اور صفدر کی سزا معطل کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج، ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )نیب نے نوازشریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر 19 ستمبر کو فیصلہ سناتے ہوئے تینوں کی سزا معطل کردی تھی اور تینوں کی رہائی کا حکم دیا تھا جب کہ نیب کی جانب سے عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ کیا گیا تھا۔قومی احتساب بیورو(نیب) نے نوازشریف،مریم اور محمد صفدر کی سزا معطلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا 19 ستمبر کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔نیب کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا ہیکہ ہائیکورٹ نے مقدمہ کے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا، ہائیکورٹ نیاپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں سننے کاحکم دیا تھا، ہائیکورٹ نے اپنے ہی حکم نامے کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔نیب کی اپیل میں اسلام ا?باد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

فیصلہ چیلنج

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق نیب ریفرنس، سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنسز نمٹانے کے بعد سننے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطا بق سا بق وزیر اعظم یو سف رضا گیلا نی احتساب عدا لت میں اپنے مقد مہ کی سما عت کے لیئے پیش ہو ئے،عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو روسٹرم پر بلا لیا، تاہم نیب پراسیکیوٹر عدالت میں موجود نہیں تھے،جس پر یوسف رضا گیلانی نے جج ارشد ملک سے کہا کہ آپ پہلے میاں صاحب کا کیس سن لیں، میں انتظار کرلیتا ہوں،تاہم جج احتساب عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 'میاں صاحب کے کیس میں پورا دن لگے گا'۔دوران سماعت عدالت نے یوسف رضاگیلانی کی مستقل حاضری سے استثنی کی درخواست پر نیب کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے خلاف ریفرنس کی سماعت نواز شریف کے خلاف ریفرنسز نمٹانے کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا۔بعدازاں احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس کی سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے رواں برس 6 ستمبر کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ریفرنس میں وزارت اطلاعات کے سابق ملازم فاروق، سلیم، حسن، حنیف، انعام اور ریاض کو بھی شریک ملزم بنایا گیا ہے۔نیب اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ملزمان نے یونیورسل سروسز فنڈ سے متعلق غیر قانونی تشہیری مہم چلائی اور ان کے اس اقدام سے قومی خزانے کو 128 ملین روپے کا نقصان ہوا۔ یوسف رضا گیلانی 2008 سے 2013 کے دوران پیپلزپارٹی کے دورِ حکومت میں وزیراعظم رہے تاہم وہ اپنی مدت مکمل نہ کرسکے اور سپریم کورٹ سے توہین عدالت کیس میں سزا پاکر نااہل ہوئے۔یوسف رضا گیلانی کے خلاف ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)کے حوالے سے بھی کرپشن کا ریفرنس زیرِ سماعت ہے۔

گیلانی کیس

مزید : صفحہ اول /رائے