پنجاب سٹرٹیجک ریفارمز یونٹ کے سابق ڈی جی سلمان صوفی نے مدر ٹریسا ایوارڈوصول کر لیا
اسلام آباد( سٹاف رپورٹر )پاکستان میں خواتین کے حقوق اور اصلاحات کے لیے سرگرم اور پنجاب اسٹریٹیجک ریفارمز یونٹ کے سابق ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی)سلمان صوفی کو ’’مدر ٹریسا ایوارڈ‘‘دے دیا گیا۔یاد رہے کہ مدر ٹریسا ایوارڈ دینے والی کمیٹی نے رواں ماہ 7 اکتوبر کو سلمان صوفی کو رواں برس کا امن کا نوبل انعام جیتنے والے ڈاکٹر ڈینس مکویگے اور نادیہ مراد کے ہمراہ اس اعزاز کے لیے نامزد کیا تھا۔سلمان صوفی نے پنجاب میں خواتین کے تحفظ اور انہیں حقوق دلانے کے لیے اہم اصلاحات کیں اور وہ خواتین پر تشدد کے خلاف 2016 میں پنجاب میں بنائے گئے قانون کے بانی بھی ہیں۔ سلمان صوفی نے اپنے ایوارڈ کو قبول کرنے کے بعد اپنی تقریر میں مدر ٹریسا اور تشدد برداشت کرنے والے ان تمام خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جنہیں انصاف نہیں مل پاتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں خواتین پر ہونے والے تشدد کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جانے چاہیے۔سلمان صوفی نے تقریر میں سابق وزیر پنجاب شہباز شریف کا سیاسی سپورٹ کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔اس ایوارڈ تقریب میں مہیش بھٹ سمیت کئی بولی وڈ اسٹارز نے بھی شرکت کی۔