معذور افراد معاشرے کا حصہ ہیں ،کمشنر عبدالغفور بیگ

معذور افراد معاشرے کا حصہ ہیں ،کمشنر عبدالغفور بیگ

مردان (بیورورپورٹ )کمشنرمردان عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کاحصہ ہیں، اور انہیں سوسائٹی کا کارآمد شہری بنانا ویلفےئر اداروں کی اہم ترین ذمہ داری ہے ۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز سپشل ایجوکیشن کمپلیکس کے معائنے کے دوران متعلقہ افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ادارے کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر سید نبی بخش بھی موجود تھے۔ کمشنر مردان نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت جہاں متعلقہ اداروں کی ذمہ دار ی ہے وہاں کار ثواب بھی ہے ۔لہٰذا معذور افراد کی مناسب دیکھ بھال میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے کیونکہ خصوصی بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں۔ کمشنر مردان نے کمپلیکس کے مختلف شعبوں اور کلاس رومز کا بھی معائنہ کیا۔ وہ معذور افراد میں گھل مل گئے اور انہیں دی جانیوالی خصوصی تعلیم کے معیار کا جائزہ لیا ۔ کمشنر مردان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ادارے میں ڈاکٹر اور دیگر عملے کی خالی اسامیوں پر فوری تعیناتی کو یقینی بنائے تاکہ ادارہ پوری یکسوئی کیساتھ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے۔ انہوں نے کمپلیکس کے توسیع اور زیر تعمیر ویمن ریسورس سنٹر کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کویقینی بنائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر