”کیا ایسا نہیں ہوسکتا کہ پاکستان اور بھارت مل کر ایک بڑی قوم بن جائیں ؟“ وزیر اعظم عمران خان سے سعودی عرب میں سوال پوچھا گیا تو آگے سے انہوں نے کیا جواب دیا؟ جانئے

”کیا ایسا نہیں ہوسکتا کہ پاکستان اور بھارت مل کر ایک بڑی قوم بن جائیں ؟“ ...
”کیا ایسا نہیں ہوسکتا کہ پاکستان اور بھارت مل کر ایک بڑی قوم بن جائیں ؟“ وزیر اعظم عمران خان سے سعودی عرب میں سوال پوچھا گیا تو آگے سے انہوں نے کیا جواب دیا؟ جانئے

  

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرا عظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت میں الیکشن کے باعث پاکستان مخالف جذبات کو ابھارا جارہا ہے اس لیے بھارت ہماری مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دے رہا ، ہم الیکشن کے بعد مذاکرات بحال کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان جو کہ سعودی عرب میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودی عرب میں موجود ہیں نے سوال و جواب کے سیشن میں شرکت کی ۔ تقریب کے شرکا میں موجود یواے ای سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے عمران خان سے سوال کیا کہ کیا ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ کا بھارت کے ساتھ مکمل امن ہوجائے اور آپ دونوں ممالک ماضی کو بھول کر ایک بڑی قوم بن جائیں جو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں؟۔

اس سوال کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ امن کی ضرورت ہے، گزشتہ عشرے میں پاکستان میں بہت زیادہ تباہی ہوئی ، ایک ایسی جنگ جو ہماری تھی ہی نہیں اس میں ہم نے 80 ہزار لوگوں کی جانیں گنوائیں اور اپنے قبائلی علاقے تباہ کرائے ، کرنٹ اکاﺅنٹ اور بجٹ خسارہ بھی اسی عدم استحکام کے باعث پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چین اور ایران کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں لیکن ہمارے مسائل افغانستان اور انڈیا کے ساتھ ہیں ۔ بھارت میں الیکشن آرہے ہیں اس لیے انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمیں بھارت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں مل رہا اس لیے الیکشن کے بعدہم بھارت کے ساتھ مذاکرات بحال کریں گے۔

عمران خان نے واضح کیا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کیلئے امن بہت ضروری ہے کیونکہ جو پیسہ لوگوں کی فلاح پر لگنا چاہیے وہ ہتھیاروں پر لگ جاتا ہے

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی افغانستان سے ہورہی ہے اس لیے ہمارے لیے ضروری ہے کہ سب ہمسایوں کے ساتھ پرامن اور خوشگوار تعلقات ہوں ۔ تمام سٹیک ہولڈرز میں اس بات پر اتفاق ہے کہ امن کے ذریعے ہی ہم غربت کا خاتمہ اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرسکتے ہیں ۔

مزید :

قومی -