وہ خاتون جو 13 گڑیوں کی ماں ہے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بچیوں کو گڑیاؤں کا بہت شوق ہوتا ہے لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ برطانیہ میں ایک لڑکی 13گڑیاؤں کی ماں بنی ہوئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق برطانوی شہر رگبی کی 19سالہ نتاشا ہیریج نے ہو بہو انسانی بچوں جیسی نظر آنے والی 13مہنگی ترین گڑیائیں خرید رکھی ہیں اور انہیں اپنے بیٹے اور بیٹیاں قرار دیتی ہیں۔ وہ نہ صرف انہیں اصلی بچوں کی طرح پالتی ہے بلکہ گود میں اٹھا کر باہر گھمانے بھی لیجاتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ تناشا کی والدہ اور اس کی بہن کے بار بار اسقاط حمل ہونے کے صدمے کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی۔ جس کے بعد اس نے گڑیاؤں کو خرید کر اپنی اولاد بنانا شروع کر دیا۔ اب تک وہ 5ہزار پاؤنڈ (تقریباً 8لاکھ 63ہزار روپے) کی گڑیائیں خرید چکی ہے۔ اس نے اصلی بچوں کی طرح ان گڑیاؤں کے نام بھی رکھے ہوئے ہیں جو ہینا، سیرا، آئزا، ہولی، اوبریلی، ازابیلا، جیسپر، نوح، لوکس، جارج، اوٹو، فوان اور آٹم ہیں۔نتاشا کا کہنا ہے کہ جب میں ان گڑیاؤں کو گود میں اٹھاتی ہوں اور ان کے ساتھ باتیں کرتی ہوں تو مجھے لگتا ہے جیسے میں نے جیتے جاگتے بچے اٹھا رکھے ہوں۔ میرے گھر والے اور دوست میرے اس شوق کو نہیں سمجھ پاتے اور بعض اوقات اسے نامعقول حرکت بھی قرار دیتے ہیں لیکن میرا شوہر ڈیمیان اس معاملے میں میری بہت معاونت کرتا ہے۔ وہ ان گڑیاؤں کی تصاویر بنانے میں بھی مدد دیتا ہے جو میں اپنے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتی ہوں۔‘‘