کراچی،گلبہار میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک،2زخمی
کراچی(کرائم رپورٹر) شہر قائد کے علاقے گلبہار میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے،ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا، ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیاگیاہے۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گلبہارمیں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کے تبادلے میں 1 ڈاکو ہلاک جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا اہلکار رضویہ تھانے کا ہے۔ ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤنے بتایا کہ تینوں ملزمان گھر میں ڈکیتی کی نیت سے آئے تھے۔عارف اسلم نے بتایا کہ ہلاک ملزم کی شناخت توصیف جب کہ دیگر کی راقب اور آصف کے نام سے ہوئی۔ تینوں ملزمان سگے بھائی اور عادی جرائم پیشہ ہیں جوکہ چند ہفتے قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آئے ہیں۔