کراچی،گورنرسندھ سے قطر کے قونصل جنرل مشال محمد کی ملاقات

  کراچی،گورنرسندھ سے قطر کے قونصل جنرل مشال محمد کی ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے قطر کے قونصل جنرل مشال محمد اے اے انصاری نے گورنرہا س میں ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال،بھارت کے ریاستی مظالم،بربریت اور دیگر دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں قونصل جنرل قطر نے قطر کے ڈپٹی وزیراعظم کی جانب سے گورنرسندھ کو 14 دسمبر2019 سے شروع ہونے والے دو روزہ 19 ویں دوحہ فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستانی قطر کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، قطر نے ہر مشکل وقت میں پاکستان سے بھرپور تعاون کیا مقبوضہ کشمیر میں قطر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے بھارت کو کشمیر میں مزید ظلم و ستم سے روکے، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی کثیر تعداد رہتی ہے ان پر ڈھائے جانے والے ظلم دنیا میں کسی کو بھی نظر نہیں آرہے ہیں، ہیومن رائٹس کی عالمی تنظیموں کی خاموشی بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے جب کہ عالمی میڈیا نے بالکل چپ سادھ رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے غنڈے دن دناتے پھرتے ہیں اور معصوم لوگوں کو قتل کررہے ہیں عالمی برادری کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے بالخصوص قطر کو دنیا میں اس ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بھارتی آرمی چیف کا بیان لغو، من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہے ہماری مسلح افواج ہر قسم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے تیار ہیں ہم جنگ کے خلا ف ہیں لیکن اگر جنگ مسلط کی تو اس کے اثرات پوری دنیا پر پڑے گے۔ ملاقات میں قطر کے قونصل جنرل نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے خطہ خوفناک صورتحال سے دوچار ہو سکتا ہے قطر بھارت کو اس ضمن میں اقدامات کی روک تھام پر مجبور کرے گا، قطر کے لوگ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔