بابراعظم چاہتے تھے کہ شعیب ملک ٹی 20 ٹیم میں شامل ہوں لیکن مصباح نے انہیں کیا کہہ کر چپ کرایا؟ جان کر آپ بھی دنگ رہ جائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈز کا اعلان کردیا ہے جس میں سینئر کرکٹرز شعیب ملک اور محمد حفیظ کو شامل نہیں کیا گیا اور کئی نئے چہروں کو موقع دیا گیا ہے۔
پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم کیلئے شعیب ملک بڑے بھائی جیسی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ چاہتے تھے کہ آل راﺅنڈر کو ٹی 20 میچز کیلئے ٹیم میں شامل کیا جائے مگر انہیں یہ کہہ کر چپ کرا دیا گیا کہ مصباح الحق محمد حفیظ اور شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کرنا چاہتے تھے مگر بورڈ کی اعلیٰ شخصیات نے انہیں اس سے روکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق ایک بااختیار چیف سلیکٹر ہیں اور اگروہ چاہتے تو اپنی بات منواتے ہوئے شعیب اور حفیظ کو سکواڈ میں شامل کر سکتے تھے۔ سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کے معاملے میں انہوں نے ایسا ہی کیا مگر مشکل دورہ آسٹریلیا کے ممکنہ نتائج ذہن میں رکھتے ہوئے اب نوجوانوں کو ترجیح دی تاکہ کوئی جواز باقی نہ رہ سکے۔
نجی خبر رساں ادارے ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق اس حوالے سے جب پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے شعیب ملک اور محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی، ان کے عدم انتخاب کی وجوہات مصباح الحق نے سکواڈ کا اعلان کرتے وقت پریس کانفرنس میں بیان کر دی تھیں۔