پنجاب کی 56 کمپنیوں سے متعلق کیس ،سپریم کورٹ نے نیب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

پنجاب کی 56 کمپنیوں سے متعلق کیس ،سپریم کورٹ نے نیب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی
پنجاب کی 56 کمپنیوں سے متعلق کیس ،سپریم کورٹ نے نیب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے 56 کمپنیوں میں تقرریوں سے متعلق کیس میں نیب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پنجاب کی 56 کمپنیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی ،دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا نیب کی جانب سے اپ ڈیٹ رپورٹ آئی ہے؟وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ نیب کی جانب سے کیس کے آغاز میں رپورٹ دی گئی تھی اس کے بعد نہیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ پھرنیب افسران کے جواب کو سامنے رکھ کر رپورٹ دے،افسران کی جانب سے بڑا تفصیلی جواب جمع کروایا گیا ہے،وکیل خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ اشتہارات بھی دئیے گئے انٹرویوز ہوئے تقرری کا عمل مکمل کیا گیا،جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ خواجہ صاحب آپ کے جواب کے ساتھ بہت سی دستاویزات بھی لگائی گئی ہیں،عدالت جائزہ لے گی کہ تقرریوں میں نوازنے کا معیار تو نہیں تھا،عدالت یہ بھی دیکھے گی کہ تقرریوں کےلیے کسی قسم کی نرمی تو نہیں کی گئی،عدالت نے 56 کمپنیوں میں تقرریوں سے متعلق نیب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے افسران کی تقرریوں پرصوبائی حکومت سے بھی جواب طلب کرلیا،عدالت نے کہا کہ افسران کاجواب پنجاب حکومت کوفراہم کیاجائے۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد