دبئی میں مقیم پاکستانی آرٹسٹ سونیا مجید موسیقار، پلے بینک سنگر اور ایک اچھی اداکارہ کی خصوصیات رکھتی ہیں

دبئی میں مقیم پاکستانی آرٹسٹ سونیا مجید موسیقار، پلے بینک سنگر اور ایک اچھی ...
دبئی میں مقیم پاکستانی آرٹسٹ سونیا مجید موسیقار، پلے بینک سنگر اور ایک اچھی اداکارہ کی خصوصیات رکھتی ہیں

  



دبئی(طاہر منیر طاہر) دبئی میں عرصہ دراز سے مقیم پاکستانی آرٹسٹ سونیا مجید بیک وقت موسیقار، پلے بیک سنگر اور ایک اچھی اداکارہ کی خصوصیات رکھتی ہیں۔ وہ اپنے فن سے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ حقوق نسواں کے حصول کیلئے بھی استعمال کررہی ہیں۔ سونیا مجید خواتین کی ترقی اور خوش حالی کی خواہاں ہیں ، وہ چاہتی ہیں کہ خواتین ظلم و ستم کی چکی سے باہر نکلیں اور اپنی زندگی آپ جئیں۔ سونیا مجید ایک خوبصورت سنگر ہیں لہٰذا ان کے گیتوں میں بھی خلوص، محبت اور امن و آشتی کا مظہر نمایاں ہے۔

سونیا مجید نے بحیثیت گلوکارہ بھارت کی چار فلموں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے اور خوبصورت گانے گائے ہیں جن کے سننے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ سونیا مجید بذات خود ایک آرٹسٹ بھی ہیں جبکہ اپنے گانوں کی موسیقی بھی خود ہی تیار کرتی ہیں۔ گلوکاری کے ساتھ ساتھ نغمہ نگاری بھی خود ہی کرتی ہیں جبکہ آلات موسیقی پر بھی بخوبی دسترس رکھتی ہیں۔

سونیا مجید نے ”گولڈ ایمبیسیڈر“ہونے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی پیس ایوارڈ اور برطانوی پارلیمنٹ ویمن ایمپاورمنٹ اچیومنٹ ایوارڈ بھی رکھتی ہیں۔ وہ اقوام متحدہ خواتین پروگرام کی ممبر بھی ہیں۔ سونیا مجید نے موسیقی کی تربیت اور کمپوزیشن کمارسانو سے حاصل کی جبکہ گلوکاری کا فن بھی انہی سے حاصل کیا۔ بین الاقوامی شہرت کی حامل سونیا مجید کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فن کے ذریعے پوری دنیا میں امن و محبت کا پیغام پہنچارہی ہیں اور پاکستانی کا سافٹ امیج پوری دنیا میں پھیلارہی ہیں۔

فنکارہ، اداکارہ اور گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ سونیا مجید بین الاقوامی سطح پر تیار ہونے والے برانڈڈ ملبوسات کی برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں اوراب تک متعدد ممالک کے تیار کردہ براڈڈ ملبوسات کی نمائش کرچکی ہیں۔ سونیا مجید دبئی میں انعقاد پذیر ہونے والے آرٹ بیوٹی، کلچر اور فیشن کے بین الاقوامی شوز میں بھی شرکت کرچکی ہیں۔ سونیا مجید کا کہنا ہے کہ فلم اور موسیقی کے ذریعے دوستی اور محبت کا پیغام باآسانی ہر ایک تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے فن کے ذریعے امن کا پیغام پوری دنیا میں پہنچادیں اور پاکستان کا سافٹ امیج پوری دنیا میں پہنچادیں اپنے اس مقصد کے حصول کے لئے وہ دن رات کوشاں ہیں۔

مزید : عرب دنیا