میگا کرپشن کی تحقیقات نیب کی اولین ترجیح ہے:چیئرمین نیب
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کراچی اہم ترین علاقائی بیورو ہے جس کی مجموعی کارکردگی انتہائی شاندار ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میگا کرپشن مقدمات کی تحقیقات نیب کی اولین ترجیح ہے۔جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب کراچی کا دورہ کیا۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب کراچی کی کارگردگی کو سراہا اور اچھی کارکردگی دکھانے پر اہلکاروں میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب نے” احتساب سب کیلئے“ کی پالیسی اپنائی ہے، ادارے نے گزشتہ 23 ماہ میں قریباً71 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے گزشتہ 23 ماہ میں 6سو بدعنوانی کے ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں جمع کروائے ہیں۔ نیب کی سزا دلوانے کی شرح تقریبا70 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ڈی جی اپنی بہترین صلاحتوں کے ساتھ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔