کسی قوم کی اقدار پرکھنے کیلئے دیکھیں کہ وہ معذوروں، یتیموں سے کیسا سلوک کرتے ہیں:مجیب الرحمان شامی

کسی قوم کی اقدار پرکھنے کیلئے دیکھیں کہ وہ معذوروں، یتیموں سے کیسا سلوک کرتے ...
کسی قوم کی اقدار پرکھنے کیلئے دیکھیں کہ وہ معذوروں، یتیموں سے کیسا سلوک کرتے ہیں:مجیب الرحمان شامی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مائل سٹون سوسائٹی فار سپیشل پرسنز، جاپانی سوسایٹی برائے بحالی معذوراں (JSRPD)، کمیونٹی بیسڈ انکلیسو ڈویلپمنٹ (CBID) نیٹ ورک اور جاپان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ’معذور افراد:عطیات سے سرمایہ کاری‘ کے موضوع پرلاہور کے نجی ہوٹل میں انٹرنیشنل فورم میں سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔

اس موقع پر پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر کونی نوری ماتسودا (Mr Kuninori Matsuda)، چیئرپرسن پاکستان بیت المال اور مائل سٹون کے صدر شفیق الرحمان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اپنے خطاب میں سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ کسی قوم کی اقدار کو پرکھنا ہو تو دیکھا جاتا ہے کہ وہ معذوروں، یتیموں اور مسکینوں سے کس طرح کا رویہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے جاپانی سفیر اور مائل سٹون سوسائٹی کی پاکستان میں معذور افراد کی بحالی کیلئے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں معذور افراد کی بحالی ہو یا کوئی اور رفاہی کام ہو ہر سطح پر قیادت پاکستانی نوجوانوں کے ہاتھوں میں دکھائی دیتی ہے۔

اپنے خطاب میں جاپانی سفیر کونی نوری ماتسودا نے کہا کہ معذور افراد کیلئے تعلیم، روزگارکے مواقع فراہم کرنا اور انہیں خود مختار بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامع معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات بشمول معذور افراد کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔

دو روزہ انٹرنیشنل فورم میں پاکستان سمیت جاپان، نیپال، تھائی لینڈ، تائیوان، کمبوڈیا، منگولیا، میانمار، فیجی اور ویت نام سے مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور